پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے،وفاقی وزراء آزاد کشمیر کی عوام کو گالیاں دینے سے گریز کریں،سردار غلام صادق

مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے۔ اپوزیشن کو آزاد کشمیر میں پانچ یونیورسٹیاں چار میڈیکل کالجز اور تعلیمی پیکج ہضم نہیں ہو رہے بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کر کے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں،معززین سے خطاب

جمعہ 6 مئی 2016 21:20

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء ) پیپلز پارٹی وفاق کی علامت ہے۔وفاقی وزراء آزاد کشمیر کی عوام کو گالیاں دینے سے گریز کریں مقابلہ کارکردگی کی بنیاد پر کیا جائے۔ اپوزیشن کو آزاد کشمیر میں پانچ یونیورسٹیاں چار میڈیکل کالجز اور تعلیمی پیکج ہضم نہیں ہو رہے۔ بلاول بھٹو نے مسئلہ کشمیر پر دو ٹوک موقف اختیار کر کے پوری قوم کے دل جیت لیے ہیں۔

آزاد کشمیر کی عوام کسی بھی استحصالی نظام کے حامی اور غیر جمہوری ہتھکنڈوں سے عوامی حقوق پر ڈاکا ڈالنے والے لوگوں کو کامیاب نہ ہونے دینگے۔ میرے حلقے کے عوام اور پاکستان پیپلز پارٹی کے کارکن اپنے حقوق کی خود حفاظت کریں گے۔ انتخابی مہم کے دوران سیاسی کارکن اور سیاسی قائدین ایک دوسرے کا احترام کریں ،پگڑیاں اُچھالنے سے عوام ووٹ نہیں دیتے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کا اظہار سپیکر قانون ساز اسمبلی سردار غلام صادق خان نے پارٹی کارکنوں ، PYO،PSF،اور دیگر عہدیداران کے علاوہ حلقہ انتخاب سے آئے ہوئے معززین سے اپنی رہائش گاہ پر خطاب میں کہا ۔سردار غلام صادق خان نے کہا کہ چئیرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو کی آزاد کشمیر کی عوام کے ساتھ کمٹمنٹ اور بھارتی حکمرانوں کے ظلم و بر بریت کے خلاف دو ٹوک موئقف اختیار کرنا ہی کشمیری قوم کی آواز ہے۔

سردار غلام صادق نے کہا کہ ابھی بلاول بھٹو نے آزاد کشمیر میں ایک جلسہ کیا ہے اور مخالفین پسپائی میں چلے گئے ہیں ابھی تو بہادروں ، غیور اور شہداء کی سر زمین ،پونچھ میں جب خطاب کرینگے تو ذوالفقار علی بھٹو شہید اور بی بی شہید کی یاد تازہ کرینگے۔ انہوں نے کہا کہ میرے حلقے کی عوام اور کارکن پارٹی پروگرام کو عوام تک پہنچائیں تا کہ یو نیورسٹی ، میڈیکل کالج اور دیگر تعلیمی اداروں کو مزید فروغ دینے کے لیے راستہ ہموار ہو۔

کیونکہ خوشحال اور امن پسند معاشرے کی تعمیر کے لیے تعلیم بنیادی اہمیت رکھتی ہے۔ یہی وجہ ہے کہ پیپلز پارٹی نے اپنے گزشتہ چار سالوں میں تعلیمی میدان میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی ایک جہد مسلسل کا نام ہے جو ہر طاغوتی طاقت کے سامنے مقابلہ کرنے کا حوصلہ رکھتی ہے۔