پنجاب بھر کی فلو ر ملوں نے رواں سیزن گندم کی خریداری شروع کر دی‘پاکستان فلو رملز ایسوسی ایشن

فاضل گندم کی نکاسی تک فلور ملز انڈسٹری اور کاشتکار دباؤ کا شکار رہیں گے ، تقریبا آدھی انڈسٹری بند پڑی ہے،پنجاب حکومت ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے، گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے 150ڈالر کا ریبیٹ دیا جائے‘رہنماؤں کا مشترکہ بیان

جمعہ 6 مئی 2016 20:17

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء ) پنجاب بھر کی فلو ر ملوں نے رواں سیزن گندم کی خریداری شروع کر دی ہے ، امسال گندم کی بمپر کراپ حاصل ہوئی ہے اور پنجاب حکومت کی جانب سے40لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہدف تیز ی سے پورا کیا جا رہا ہے جس پروزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور امید کرتے ہیں کہ محکمہ خوراک پنجاب بھی اپنا کام ذمہ داری کے ساتھ پورا کرے گا۔

یہ بات پاکستان فلو رملز ایسوسی ایشن کے رہنماؤں چوہدری افتخار مٹو(چیئرمین پاکستان فلور ملز ایسوسی ایشن ، پنجاب) گروپ لیڈرو سابق مرکزی چیئرمین عاصم رضا احمد ،سابق چیئرمین پنجاب میاں محمد ریاض نے اپنے مشترکہ بیان میں کہاکہ ہر سال کی طرح گندم کی خریداری کرنے والی فلور ملوں نے رواں سیزن 2016 کیلئے پنجاب بھر سے گندم کی خریداری کا آغاز کر دیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ اس سال گندم کی بمپر کراپ حاصل ہوئی ہے جبکہ پنجاب حکومت کی جانب سے 40لاکھ ٹن گندم کی خریداری کا ہد ف بھی بڑی تیزی سے پورا کیا جا رہا ہے جس پر وزیر اعلی پنجاب میاں محمد شہباز شریف کو خراج تحسین پیش کرتا ہوں ۔سابق مرکزی چیئرمین و گروپ لیڈر عاصم رضا احمد نے کہا کہ فاضل گندم کی نکاسی تک فلور ملز انڈسٹری اور کاشتکار دباؤ کا شکار رہیں گے۔

کیونکہ تقریبا ً آدھی فلور ملیں مناسب ایکسپورٹ پالیسی نہ ہونے کی وجہ سے بند پڑی ہیں بلکہ کاشتکاروں کا بھی استحصال ہو رہاہے۔عاصم رضا نے کہا کہ ہم امید کرتے ہیں کہ محکمہ خوراک پنجاب بھی اپنی ذمہ داری احسن طریقے سے پوری کرتے ہوئے صاف اور معیاری گندم کی خریداری کرے گا تاکہ عوام الناس کو حفظان صحت کے معیار اور اصولوں کے مطابق صحت مند آٹا کی فراہمی ممکن ہو سکے،اور ساتھ ہی بیرونی ممالک میں بھی معیاری گندم اور گندم کی مصنوعات ایکسپورٹ کر کے ملک کے لئے قیمتی زرمبادلہ کمایا جا سکے،سابق چیئرمین پنجاب میاں محمد ریاض نے کہا کہ فوری طور پر ایکسپورٹ پالیسی کا اعلان کرے اور گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ کیلئے 150ڈالر کا ریبیٹ دیا جائے تاکہ انٹر نیشنل مارکیٹ میں فاضل گندم اور گندم کی مصنوعات کی ایکسپورٹ ممکن ہوسکے۔

متعلقہ عنوان :