خوش نصیب عازمینِ حج کو مبارک باد، پنجاب آئی ٹی بورڈ فریضہء حج کی ادائیگی کو ہر ممکن آسان بنا رہا ہے‘ ڈاکٹر عمر سیف

شفاف قرعہ اندازی میں نام آتے ہی 69ہزار سے زائدخوش نصیبوں کوگھر بیٹھے اطلاع مل گئی،خوشی ہے پی آئی ٹی بی کے کام سے وفاق سمیت دیگر صوبے بھی مستفید ہو رہے ہیں‘اجلاس سے خطاب

جمعہ 6 مئی 2016 20:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈکے چیئرمین ڈاکٹر عمر سیف نے حج کی شفاف قرعہ اندازی میں منتخب ہونے والے خوش نصیب عازمین ِ حج کو مبارک باد دیتے ہوئے کہا ہے کہ پی آئی ٹی بی حج کے طریقہء کار کو سہل ترین بنانے کے لئے موثر کردار ادا کر رہا ہے جس کا دوسرا مرحلہ شفاف قرعہ اندازی کے ذریعے مکمل ہو گیا ہے جبکہ پہلے مرحلے میں درخواست کا طریقہء کار بھی نہائت آسان بنا دیا گیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ پی آئی ٹی بی کے وضع کردہ خود کار نظام کے ذریعے نام آتے ہی 69ہزارسے زائد عازمین ِ حج کو ایس ایم ایس کے ذریعے منتخب ہونے کی گھر بیٹھے اطلاع مل گئی۔وہ آج ارفع سافٹ ویئر ٹیکنالوجی پارک میں منعقدہ ایک اجلاس سے خطاب کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ پنجاب آئی ٹی بورڈ عوام الناس کے پیچیدہ مسائل حل کرنے کے لئے ٹھوس اقدامات کر رہا ہے اور خوشی اس بات کی ہے کہ ہمارے کام سے وفاق سمیت دیگر صوبے کے عوام بھی مستفید ہو رہے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ امسال سرکاری حج کے لئے کمپیوٹرائزڈ نظام کے ذریعے 2لاکھ80 ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئی تھیں جن کی جانچ پڑتال کے مشکل کام کوپی آئی ٹی بی اور وفاقی وزارتِ مذہبی امور و حج نے خوش اسلوبی سے مختصرترین وقت میں مکمل کیا۔ انہوں نے کہا کہ پرائیویٹ حج کا طریقہء کار بھی یہی ہے جس سے عازمین کو کم سے کم مشکلات کا سامنا کرنا پڑے گا۔ ڈاکٹر عمر سیف نے کہا کہ حجاج کرام کی مزید آسانی کے لئے پاکستان اور سعودی عرب میں ہیلپ لائنیں بھی قائم کی جائیں گی جن سے وہ فلائیٹ، رہائش گاہ ، گمشدہ افراد یا اشیا ء اور دیگر ضروری معلومات حاصل کر سکیں گے۔

متعلقہ عنوان :