رمضان المبارک میں عوام کو خوردونوش اشیاء معیاری اور سستے داموں فراہمی کیلئے رمضان پیکیج تیار کر لیا‘بلال یاسین

رمضان بازاروں میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا مکمل محاسبہ کیا جائے گا ان سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا ‘صوبائی وزیر

جمعہ 6 مئی 2016 20:03

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیر خوراک و چیئر مین کابینہ پرائس کنٹرول کمیٹی بلال یاسین نے کہا ہے کہ وزیر اعلی کی ہدایت کے مطابق رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں عوام کو خوردونوش اشیاء معیاری اور سستے داموں فراہمی کو یقینی بنانے کے لئے رمضان پیکیج تیار کر لیا گیا ہے جس کے تحت رمضان بازاروں میں عوام کو سبسڈائزڈ اشیاء سستے داموں فراہم ہوں گی - یہ بات انہوں نے سول سیکرٹریٹ میں کابینہ کمیٹی کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی - اجلاس میں سیکرٹریز زراعت ، لائیو سٹاک ، صنعت ، ہیلتھ ، انفارمیشن ، ڈی سی اوز کے علاوہ دیگر افسران نے بھی شرکت کی - اجلاس کو بتایا گیا کہ وزیر اعلی کی ہدایت پر رمضان پیکیج کے تحت رمضان بازاروں میں 10 کلو آٹے کا تھیلا 290 روپے اور 20 کلو آٹے کا تھیلا 580 روپے جبکہ چینی فی کلو عام بازار کے ریٹ سے 10 روپے سستی دستیاب ہو گی - اسی طرح دالیں ، مرغی کا گوشت اور سبزیاں بھی عام بازاروں سے کم ریٹ پر دستیاب ہوں گی - صوبائی وزیر نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ رمضان بازاروں میں ذخیرہ اندوزوں اور منافع خوروں کا مکمل محاسبہ کیا جائے گا اور ایسے لوگوں سے آہنی ہاتھوں سے نمٹا جائے گا - انہوں نے کہا کہ تمام اضلاع کی انتظامیہ رمضان پیکیج کے لئے تیار کردہ میکنزم پر بھر پور عملدرآمد کرائیں گے تاکہ عوام کو کسی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے- انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کو سستے داموں اشیائے ضروریہ کی فراہمی میں کوئی دقیقہ فروگذاشت نہیں کرے گی -

متعلقہ عنوان :