پرانے ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ

یکم دسمبر سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں پر اطلاق ہوگا

جمعہ 6 مئی 2016 18:36

پرانے ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔06 مئی۔2016ء) وفاقی حکومت نے پرانے ڈیزائن کے تمام کرنسی نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ کرلیا، یکم دسمبر سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں پر اطلاق ہوگا۔وفاقی حکومت کی جانب سے گزٹ نوٹی فکیشن کے مطابق یکم دسمبر 2016ء سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن والے نوٹوں کی قانونی حیثیت ختم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، 5 روپے کے نوٹ اور پرانے ڈیزائن والے 500 روپے کے نوٹ کی قانونی حیثیت پہلے ہی ختم ہوچکی ہے۔

اسٹیٹ بینک نے 2005ء میں 20 روپے مالیت کے نئے ڈیزائن والے بینک نوٹ جاری کئے تھے جس کا مقصد کرنسی نوٹوں کی سیکیورٹی، پائیداری اور جمالیاتی معیار میں بہتری لانا تھا، 8 مختلف مالیتوں پر مشتمل نئے ڈیزائن کے بینک نوٹوں کی مکمل سیریز (5 روپے، 10 روپے، 20 روپے، 50 روپے، 500 روپے، 1000 روپے اور 5000 روپے) کے اجراء کا عمل 2008ء میں مکمل ہوا تھا۔

(جاری ہے)

اعلامیے کے مطابق کمرشل اور مائیکرو فنانس بینک 30 نومبر 2016ء تک 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے نوٹوں کی نئے کرنسی نوٹوں سے تبدیلی کا عمل جاری رکھیں گے، جس کے بعد ان کی قانونی حیثیت ختم ہوجائے گی تاہم اسٹیٹ بینک پاکستان کے فیلڈ دفاتر 31 دسمبر 2021ء تک عوام سے 10، 50، 100 اور 1000 روپے کے پرانے ڈیزائن کے کرنسی نوٹوں بدستور تبدیل کرتے رہیں گے۔ ۔