ورلڈ تھیلیسیمیاڈے:تھیلیسیمیا کے شکار بچوں کی وائس چانسلر کے ہمراہ منعقدہ آگاہی واک کی قیادت

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 6 مئی 2016 18:11

لاہور(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔آئی پی اے۔06مئی۔2016ء):تھیلیسیمیا کے شکار بچوں نے گزشتہ روز گورنمنٹ کالج یونیورسٹی لاہور میں یادگار دن گزارااور وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر حسن امیر شا ہ کے ہمراہ تھیلیسیمیا کے خلاف آگاہی واک کی قیادت بھی کی۔ڈینز پروفیسر ڈاکٹر طاہر کامران ،پروفیسر ڈاکٹر ریاض احمد ،ڈائریکٹر سپورٹس خادم علی خان اور ڈاکٹر بابر آسی کے علاوہ معذور طلباء کی کثیر تعداد نے بھی تھیلیسیمیا کے حوالے سے اس آگاہی واک میں حصہ لیا۔

واک کا اہتمام جی سی یو بلڈ ڈونر سوسائٹی اور فاطمید فاؤنڈیشن کی جانب سے ورلڈتھیلیسیمیا ڈے کے حوالے کیا گیا تھا۔واک کی قیادت تھیلیسیمیا کی شکار 7سالہ مدیحہ ساجد نے کی ،جبکہ اس کے ہمراہ تھیلیسیمیا کے شکار ذکاء مجاہد،رمشاء منور،سلمان مقصود،مبشر ارشد،آمنہ لطیف،زوئیہ طارق اور ساجد اقبال بھی اس کے ہمراہ تھے۔

(جاری ہے)

بعدازاں ا ن بچوں نے جی سی یونیورسٹی کے مختلف شعبہ جات کا دورہ بھی کیا۔

ان کا کہنا تھا کہ صحت مند افراد کو چاہیئے کہ وہ باقاعدگی سے خون کے عطیات دیں،جس سے نہ صرف ان کی صحت بہتر رہے گی ،بلکہ ہم جیسے کئی تھیلیسیمیا کے شکار بچے بھی زندہ رہ سکیں گے۔اس موقع پر واک میں شریک طبی ماہرین کا کہنا تھا کہ شادی سے پہلے ہر شخص کو چاہیئے کہ اپنا تھیلیسیمیا کا ٹیسٹ کرائے ۔انہوں نے کہا کہ اگر میاں بیوی دونوں تھیلیسیمیا مائنر کے کیریر ہوں تو بچے تھیلیسیمیا کا شکار ہوسکتے ہیں۔