وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نئے اور مستحکم پاکستان کے معمار ہیں، میاں زاہد حسین

جمعہ 6 مئی 2016 17:21

اسلام آباد۔06 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء) پاکستان بزنس مین اینڈ انٹلیکچولز فور م کے صدر میاں زاہد حسین نے کہا ہے کہ وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف نئے اور مستحکم پاکستان کے معمار ہیں۔ جمعہ کو جاری اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کے خلاف احتجاج معاشی ترقی کے عمل اور اقتصادی راہداری جیسے عظیم منصوبے کو متاثر کر رہا ہے جس کا اظہار ورلڈ بینک نے بھی اپنی حالیہ رپورٹ میں کیا ہے ۔

میاں زاہد حسین نے کہاکہ پاکستان کی معاشی شہ رگ کراچی کی رونق طویل مدت بعد بحال ہوئی ہے اور کاروباری برادری کا اعتماد بڑھا ہے جس کا اثر معیشت پر پڑ رہا ہے۔ کراچی کے مکمل پر امن ہونے اور پولیس کے سیاست سے پاک ہونے تک رینجرز کی موجودگی ضروری ہے۔

(جاری ہے)

میاں زاہد حسین نے کہا کہ سربراہِ حکومت اور فوج کے سربراہ طویل عرصہ کے بعد ایک صفحے پر ہیں جس سے ملک کی دگرگوں حالت بہت بہتر ہو رہی ہے، چند سال قبل پاکستان کے دیوالیہ ہونے کا اندیشہ تھا جبکہ دنیا بھر کی بڑی کمپنیوں نے اس ملک سے کاروبار بند کر دیا تھا جبکہ اب صرف ایک ملک چین 46 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری کر رہا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کچھ عرصہ کے اندر اندر ملک کی حالت بہت بہتر ہو گئی ہے جسکا اعتراف بائیس غیر ملکی اداروں نے کیا ہے اس کا کریڈٹ وزیر اعظم نواز شریف اور چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف دونوں شخصیات کو جاتا ہے۔