بلاول بھٹو زرداری شہداء گڑھی خدا بخش کا پرچم لیکر نکلے ہیں، شہداء کے مشن کی تکمیل تک پرچم سربلند رہیگا، چودھری عبدالمجید

آزاد کشمیر میں اپنے مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے منصوبے بنانے والے وفاقی وزراء کو انتخابات میں انکی اوقات دکھا دیں گے، وزیراعظم آزاد کشمیرکی مختلف وفود سے گفتگو

جمعہ 6 مئی 2016 17:10

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) وزیراعظم آزاد حکومت ریاست جموں وکشمیر چوہدری عبدالمجیدنے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری شہداء گڑھی خدا بخش کا پرچم لے کر نکلے ہیں۔ شہداء کے مشن کی تکمیل تک یہ پرچم سربلند رہیگا۔ آزاد کشمیر میں بلاول بھٹو زرداری کے جلسوں سے آزاد کشمیر پیپلز پارٹی کے کارکنوں میں ایک نیا جوش و ولولہ پیدا ہوا ہے۔

یہ جوش و ولولہ اقتدار پرستوں کی امیدوں کو بہا کر لے جائے گا اور آزاد کشمیر انتخابات کو ہائی جیک کرنے کا وفاقی وزراء کا منصوبہ ناکام ہو گا اور دھونس دھاندلی کے ذریعے آزاد کشمیر میں ن لیگ کی حکومت قائم کرنے کا خواب ادھورا رہے گا۔ آزاد کشمیرمیں پیپلز پارٹی دوبارہ حکومت بنا کر پارٹی ویژن کے مطابق پارٹی لیڈر شپ کے ویژن کو عملی جامہ پہنا کر رہے گی جنہوں نے عوام کے حقوق کے لیے آمریت سے ٹکر لی اور عوام کے تحفظ کے لیے اپنی زندگیاں قربان کر دیں۔

(جاری ہے)

تحریک آزادی کے بیس کیمپ کے عوام سے پیپلز پارٹی کا وعدہ ہے کہ تعمیر و ترقی اور خوشحالی کے حوالے سے انہوں نے جو جو خواب دیکھ رکھے ہیں ان سب کو تعبیریں دیں گے۔ 2011 کے انتخابی منشور پر عمل کرتے ہوئے عوامی ترقی و خوشحالی کیلئے میگا پراجیکٹس دیئے۔ 2016 میں اکثریت سے دوبارہ حکومت بنا کر عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کی تکمیل کریں گے۔ وزیر اعظم نے کہاکہ پیپلز پارٹی ہمالیہ سے بلند قوت بن چکی ہے۔

اس سے ٹکرانے والے پاش پاش ہونگے۔ آزاد کشمیر میں اپنے مخصوص ایجنڈے کی تکمیل کے منصوبے بنانے والے وفاقی وزراء کو انتخابات میں انکی اوقات دکھا دیں گے۔ایوان وزیر اعظم میں مختلف وفود سے بات چیت کرتے ہوئے وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کا استحصال کرنے والے سیاسی سوداگروں کی سیاست ہچکولے کھا رہی ہے۔ آزاد کشمیر کے غیرت مند عوام کو سلام کرتے ہیں جنہوں نے منفی سیاست کو مسترد کر دیا۔

آزاد کشمیر میں پیپلز پارٹی کی حکومت آزاد کشمیر کے عوام کے حقوق کا بھرپور تحفظ کریں گے۔ ریاستی تشخص پامال کرنے والوں کو نشان عبرت بنا دیں گے۔ عوام کی غیرت کبھی نیلام نہیں ہونے دیں گے۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ پیپلز پارٹی کی حکومت تحریک آزادی کے بیس کیمپ سے استحصالی کلچر کا خاتمہ کیا۔ علاقائی اور قبیلائی سیاست کے نیٹ ورک کو توڑ رکھ دیا۔

آزاد کشمیر میں قانون کی حکمرانی اور انصاف کی بالا دستی قائم کی۔ آزاد کشمیر میں تعلیم کو فوکس کر کے تعلیم کے ذریعے معاشی ترقی کے خواب کو تعبیریں دیں۔ آزاد کشمیر میں ایجوکیشن کا فروغ میرا خواب ہے۔ آزاد کشمیر میں اقتدار میں آکر اس کو عملی جامہ پہنایا اور 3میڈیکل کالجز، 5 یونیورسٹیاں، یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز قائم کر کے آزاد کشمیر کے دور دراز پسماندہ علاقوں کے عوام کو تعلیم کے یکساں مواقع فراہم کیے اور آزاد کشمیر کو ایجوکیشن اسٹیٹ میں تبدیل کر دیا۔

آزاد کشمیر میں جلد بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی قائم کریں گے۔ جلد آزاد کشمیر میں ملٹری کالج کا سنگ بنیاد رکھ دیا جائے گا۔ وزیر اعظم آزاد کشمیر نے کہا کہ عوام کی فلاح و بہبود انسانیت کی خدمت ہمارا ایجنڈا ہے۔ اس ایجنڈے کی تکمیل کر کے رہیں گے۔ کسی کو عوامی فلاح و بہبود کے ایجنڈے کی رکاوٹ نہیں بننے دیں گے۔