ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور مقننہ عدلیہ اور انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں

صدر مملکت ممنون حسین کی دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان سے ملاقات میں بات چیت

جمعہ 6 مئی 2016 16:53

اسلام آباد۔06 مئی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت مضبوط ہو رہی ہے اور مقننہ عدلیہ اور انتظامیہ ہم آہنگی سے کام کر رہی ہیں۔ یہ بات صدر مملکت نے دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے سیکرٹری جنرل اکبر خان سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنہوں نے جمعہ کو ایوان صدر میں ان سے ملاقات کی۔

صدر مملکت نے کہا کہ ملک صحیح سمت پر گامزن ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ پاکستان میں جمہوریت مزید پختہ ہو جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ جمہوریت اور بہتر طرز حکمرانی ملک کی تعمیر و ترقی کیلئے لازم ہیں، اس سلسلہ میں موجودہ حکومت معاشرے کے تمام طبقات کیلئے انسانی حقوق کی فراہمی کو یقینی بنا رہی ہے۔ اسی طرح حکومت خواتین کو ملک کی ترقی اور خوشحالی میں کردار ادا کرنے کی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اسلام اور قائداعظم کے فرمودات کی روشنی میں حکومت تمام اقلیتوں کو معاشرے میں یکساں حقوق دینے کیلئے اقدامات کر رہی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان دہشت گردی کے خاتمہ کیلئے پرعزم ہے اور ملک میں امن و امان کی بحالی کیلئے آپریشن ضرب عضب کامیابی سے جاری ہے۔ انہوں نے اس عزم کو دہرایا کہ آپریشن ضرب عضب آخری دہشت گرد کے خاتمہ تک جاری رہے گا۔

انہوں نے مزید کہا کہ آپریشن ضرب عضب کے نتیجہ میں سرمایہ کاروں کا پاکستان پر اعتماد بحال ہو رہا ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک بھی پاکستان کی پرکشش لِبرل سرمایہ کاری پالیسی سے فائدہ اٹھاتے ہوئے توانائی، انفراسٹرکچر اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کریں۔ انہوں نے مزیدکہا کہ دولت مشترکہ کے ممالک کو تعلیم کے شعبہ میں ایک دوسرے کے تجربات سے فائدہ اٹھانے کیلئے وفود کی سطح پر زیادہ سے زیادہ تبادلہ ہونا چاہئے۔

صدر ممنون حسین نے کہا کہ پاک چین اقتصادی رہداری منصوبہ نہ صرف پاکستان کیلئے خوشحالی کا نیا باب ثابت ہو گا بلکہ خطہ کے تمام ممالک کے درمیان رابطوں کی بہتری کا باعث بھی بنے گا۔ صدر مملکت نے اکبر خان کو دولت مشترکہ پارلیمانی ایسوسی ایشن کے ساتویں سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے پر مبارکباد دی اور اس امید کا اظہار کیا کہ وہ پاکستان کے دولت مشترکہ کے ممالک سے پارلیمانی سطح پر تعلقات کو فروغ دینے میں کلیدی کردار ادا کریں گے۔ اس موقع پر اکبر خان سیکرٹری جنرل سی پی اے نے کہا کہ پاکستان ان ملکوں میں سے ہے جن کا وہ سیکرٹری جنرل کا عہدہ سنبھالنے کے بعد دورہ کر رہے ہیں۔ ان کا دورہ پاکستان پاکستانی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار ہے۔

متعلقہ عنوان :