اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈلیبرکا خاتمہ بھٹہ مالکان کے تعاون سے ممکن ہوا،راجہ اشفاق سرور

جمعہ 6 مئی 2016 16:45

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) صوبائی وزیر محنت و انسانی وسائل راجہ اشفاق سرور نے صوبہ بھر میں اینٹوں کے بھٹوں سے چائلڈ لیبر کے خاتمے میں حکومت پنجاب کو بھرپور تعاون فراہم کرنے پر بھٹہ مالکان کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا ہے کہ اب بھٹہ خشت پر موثر قانون سازی اور میکا نزم کے ذریعے پیشگی اور جبری مشقت کا خاتمہ بھی یقینی بنایا جائے گا۔

انہوں نے یہ بات آل پاکستان بھٹہ خشت مالکان ایسوسی ایشن کے مرکزی صدر شعیب خان نیازی اور جنرل سیکرٹری مہر عبدالحق کی قیادت میں ملاقات والے صوبہ بھر کے تمام اضلاع کے بھٹہ مالکان عہدیداران کے 25رکنی وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔کمشنر سوشل سکیورٹی منصورقادر، ایڈیشنل سیکرٹری لیبر ارشد علی اولکھ، ڈائریکٹر لیبر غلام عباس چیمہ اور محکمہ لیبر کے دیگر اعلیٰ افسران بھی اس موقع پر موجود تھے۔

(جاری ہے)

بھٹہ مالکان ایسوسی ایشن کے وفد نے ان کے مسائل کے حل، جائز مطالبات اور تحفظات پر سنجیدگی سے غور کرنے پر وزیراعلیٰ محمد شہباز شریف اور وزیر محنت راجہ اشفاق سرور کا شکریہ ادا کیااور کہا کہ بھٹہ خشت پر چائلڈ لیبر کے خاتمے سے نہ صرف پاکستان اور اقوام عالم بلکہ معاشرے میں بھی بھٹہ مالکان کا مثبت تشخیص اجاگر ہوا ہے ۔ یہی وجہ ہے کہ وہ پیشگی اور جبری مشقت کی لعنت کے خاتمے کے لیے بھی حکومت پنجاب کا بھرپور ساتھ دیں گے تاہم اس حوالے سے موثرقانون سازی میں ان کی مشاورت اور تجاویز پر بھی لازمی غور کیا جانا چاہیے۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ جبری مشقت کے الزامات سے بچاؤ کا واحد حل روایتی اینٹ سازی کی بجائے جدید ٹیکنالوجی پر مشتمل مکینکل بھٹوں کو کلسٹرز میں فروغ دینا ہے۔ حکومت پنجاب تمام اضلاع میں 2مکینکل بھٹوں کو شروع کرنے میں بھٹہ مالکان کو ہرممکن تعاون فراہم کر ئے گی۔ وزیر محنت نے بھٹہ مالکان کی طرف سے مختلف اضلاع میں زمینی حقائق کی بنیاد پر اینٹ سازی کی کم از کم اجرت کے تعین کے لیے ڈائریکٹر لیبر غلام عباس چیمہ ،ڈائریکٹر آئی آرآئی طاہر منظور اور بھٹہ ایسوسی ایشن کے نمائندوں پر مشتمل کمیٹی تشکیل دینے کا بھی اعلان کیا ۔

راجہ اشفاق سرور نے کہا کہ حکومت پنجاب چائلڈ لیبر اور جبری مشقت کو ہمیشہ کے لیے ختم کرنے کی غرض سے ایسا فول پروف ، ٹھوس اور موثر میکا نزم تشکیل دے رہی ہے کہ آنے والی کسی بھی حکومت میں کوئی بھی چائلڈ لیبر اور جبری مشقت جیسی قبیح حرکت کا ارتکاب نہ کرسکے۔