افغانستان میں مصالحت کیلئے چار ملکی کوششیں جلد کامیاب ہونگی ،خطے میں بہتری آئیگی، ممنون حسین

جمعہ 6 مئی 2016 16:38

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ افغانستان میں مصالحت کیلئے چار ملکی کوششیں جلد کامیاب ہونگی اور خطے میں بہتری آئیگی۔صدر مملکت نے یہ بات کینیڈا کی سبکدوش ہونے والی سفیر ہیتھر کروڈن سے بات چیت کرتے ہوئے کہی جنھوں نے جمعہ کو ایوان ِصدر میں اْن سے ملاقات کی۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان خطہ میں امن اور استحکام کے لیے بھر پور کوششیں کر رہا ہے جس کے مثبت نتائج سامنے آ ئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ آپریشن ضربِ عضب نے کامیابی کیساتھ نوے فیصد اہداف حاصل کر لئے ہیں اور بہت جلد مکمل کامیابی حاصل کر لی جائے گی جس سے خطے میں استحکام آئیگا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان میں خواتین اور بچوں کی تعلیم پر بھر پور توجہ دی جا رہی ہے اور خواتین کو بااختیار بنانے کے کئی منصوبوں پر عمل جاری ہے جن میں تعلیم سر فہرست ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے تعلیمی منصوبوں میں کینڈا کے تعاون کا شکریہ ادا کیا اور کہا کہ کینڈا اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لیے کینیڈا جانے کے خواہش مند نوجوانوں کے لیے ویزا پالیسی میں نرمی پر غور کرے۔

صدر مملکت نے کہا خواتین کو با اختیار بنانے کے منصوبوں میں کینڈا کے تعاون کا خیر مقدم کیا جائیگا۔صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان اور کینڈا کے درمیان تعلقات نہایت خوش گوار ہیں جن میں وقت کے ساتھ مزید گہرائی آتی جا رہی ہے۔ انہوں نے دو نوں ملکوں کے درمیان تجارت میں اضافے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اکنامک کاریڈور کے فعال ہو جانے کے بعد اس خطے کی تجارت میں غیر معمولی اضافہ ہو جائے گا۔ صدر مملکت نے سبکدوش ہونے والی سفیر کیلئے مستقبل میں نیک خواہشات کا اظہار کیا۔اس موقع پر کینڈا کے سفیر ہیتھر گروڈن نے کہا کہ پاکستان میں تیزی سے حالات میں بہتری آ رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ ان کی پاکستان میں قیام کی یادیں نہایت خوش گوار ہیں۔

متعلقہ عنوان :