پٹواریوں اور نائب تحصیلداروں کو گندم خریداری مراکز پر ہمہ وقت حاضر رہنے کی ہدایت

جمعہ 6 مئی 2016 16:09

فیصل آباد۔6 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء)کسانوں کوباردانہ کی فراہمی اور خسرہ گرداوری کے حصول میں درپیش دشواریوں کے فوری خاتمہ کیلئے پٹواریوں اور نائب تحصیلداروں کو گندم کے تمام خریداری مراکز پر ہمہ وقت حاضر رہنے کی ہدایت کی گئی ہے جبکہ سرکاری باردانہ کے آڑھتیوں کے استعمال پر بھی سختی سے پابندی عائدکردی گئی ہے اور کہاگیاہے کہ اگر کسی جگہ کوئی آڑھتی سرکاری باردانہ استعمال کرتاہوا پایا گیا تو نہ صرف مذکورہ آڑھتی بلکہ محکمہ خوراک کے ذمہ دار حکام کے خلاف بھی سخت ترین کاروائی عمل میں لائی جائے گی جس کے بعد کوئی عذر قابل قبول نہ ہو گا۔

(جاری ہے)

فیصل آباد ڈویژنل انتظامیہ کے ترجمان نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات کی روشنی میں تمام خریداری مراکز پر باردانہ کی فراہمی اور گندم کی خرید کا عمل شفاف طریقے سے جاری ہے اور تمام مراحل کی الیکٹرانک مانیٹرنگ کی کڑی نگرانی بھی کی جارہی ہے۔انہوں نے کہاکہ اس ضمن میں تما م سرکاری مشینری سرگرم عمل ہے لہٰذاکسی جگہ کسی گڑبڑ کومعاف نہیں کیا جائیگا۔