ملک میں ٹیلنٹ کی کمی نہیں، تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنایا جائے، میجر جنرل(ر) اکرم ساہی

جمعہ 6 مئی 2016 16:04

اسلام آباد ۔ 6 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔06 مئی۔2016ء) اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے صدر میجر جنرل(ر) محمد اکرم ساہی نے کہا کہ ہے ملک میں کھیلوں کے ٹیلنٹ کی کمی نہیں ہے بلکہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کی ضرورت ہے۔ اے پی پی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ جب تک گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے مقابلے نہیں ہوتے اس وقت تک ملک میں کھیل ترقی نہیں کر سکتے۔

انہوں نے کہا کہ گراس روٹ لیول پر کھیلوں کے انعقاد کو یقینی بنانے سے ملک میں کھیلوں کا معیار بہتر ہو سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک میں کھیلوں کا بے پناہ ٹیلنٹ موجود ہے ضروت اس امر کی ہے کہ تعلیمی اداروں میں کھیلوں کے انعقاد کو لازمی قرار دیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ اتھلیٹکس فیڈریشن آف پاکستان کے زیراہتمام اور بلوچستان اتھلیٹکس ایسوسی ایشن کے تعاون سے 47 ویں نیشنل مینز اور ویمنز چیمپیئن شپ 9 سے 11 مئی تک موسٰی سٹیڈیم کوئٹہ میں منعقد ہوگی۔

(جاری ہے)

چیمپیئن شپ میں ملک بھر سے پندرہ ٹیمیں حصہ لیں گی جن میں آرمی، ایئرفورس، نیوی، واپڈا، ریلویز، ہائرایجوکیشن کمیشن، پنجاب، سندھ، خیبرپختونخوا، بلوچستان، اسلام آباد، آزاد جموں و کشمیر، فاٹا اور گلگت بلتستان کی ٹیمیں شامل ہیں۔ چیمپئن شپ میں ملک بھر سے 500 سے زائد مرد و خواتین کھلاڑی شرکت کریں گے۔ چیمپیئن شپ میں مردوں کے 23 اور خواتین کے 21 ایونٹس منعقد ہونگے، ان مقابلوں میں ڈسکس تھرو(تالی) رکاوٹی دوڑ، ہائی جمپ، لونگ جمپ، شاٹ پٹ، ٹرپل جمپ، جیولین تھرو، پول والٹ، ریلے ریس، میراتھن دوڑ، ریس کے مختلف مقابلے اور ہیمرتھرو شامل ہیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ چیمپیئن شپ میں پہلی بار مردوں کی 20 کلو میٹر اور خواتین کی 5 کلو میٹر واکنگ ریس کا بھی انعقاد کیا جائے گا۔