وزیراعظم محمد نوازشریف نے لاہور کراچی موٹروے کے سکھر ملتان سیکشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا

جمعہ 6 مئی 2016 14:36

سکھر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) وزیراعظم محمد نوازشریف نے لاہور کراچی موٹروے کے سکھر ملتان سیکشن کا سنگ بنیاد رکھ دیا۔جمعہ کو سکھر آمد پر وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے ایئر پورٹ پر وزیراعظم کا پر تپاک استقبال کیا اس موقع پر وزیر مملکت عبدالحکیم بلوچ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ وزیراعظم محمد نوازشریف نے لاہور کراچی موٹروے کے سکھر ملتان سیکشن کا سنگ بنیاد رکھارپورٹ کے مطابق یہ منصوبہ چین پاکستان اکنامک اقتصادی راہداری کا حصہ ہے جسے وزیراعظم کی ہدایت پر کراچی کو پشاور کے ساتھ موٹرویز کے نیٹ ورک کے ذریعے منسلک کرنے کیلئے شروع کیا گیا ‘ سکھر ملتان موٹر وے 393 کلومیٹر طویل ہوگا اور یہ قومی اہمیت کا حامل منصوبہ ہے۔

اس موقع پر وزیر اعظم نواز شریف کو بتایاگیا کہ ملتان سے شروع ہو کر یہ 6 لین موٹر وے جلالپور پیر والا، احمد پور شرقیہ، اوباڑو، پنوں عاقل سے ہو کر سکھر تک جائے گی۔

(جاری ہے)

منصوبے کے تحت دریائے ستلج پر ایک بڑے پل سمیت 54 پل تعمیر کئے جائیں گے ‘ موٹر وے کے اس سیکشن میں 12 سروس ایریاز، 10 ریسٹ ایریاز، 11 انٹر چینج، 10 فلائی اوور اور 426 انڈر پاس ہوں گے۔ اس موٹر وے کی تعمیر سے سندھ اور پنجاب کے درمیان مواصلاتی رابطے تیز ہوں گے اور گاڑیاں بہت کم وقت میں اپنی منزل مقصود تک پہنچ سکیں گی۔ یہ منصوبہ چین کے مالی تعاون سے مکمل کیا جائے گا۔ اس کا ٹھیکہ میسرز چائنہ سٹیٹ کنسٹرکشن انجینئرنگ کارپوریشن کو دیا گیا ہے۔