پانامہ پیپرز کی تحقیقات کیلئے جامع ٹرمزآف ریفرنس تیار ہے ‘ اپوزیشن کے تمام مطالبات شامل کئے گئے ‘ مصدق ملک

جمعہ 6 مئی 2016 14:31

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔06 مئی۔2016ء) وزیراعظم کے ترجمان ڈاکٹر مصدق ملک نے کہا ہے کہ حکومت نے پانامہ پیپرز کی تحقیقات کیلئے جامع ٹرمزآف ریفرنس تیار کیا ہے اور اس میں اپوزیشن کے تمام مطالبات شامل کئے گئے ہیں۔ایک انٹرویو میں ڈاکٹر مصدق ملک نے کہاکہ حکومت نے ایک جوڈیشل کمیشن تشکیل دے دیا ہے اور چیف جسٹس آف سپریم کورٹ کو اختیار دیا ہے کہ وہ ان تمام لوگوں کے خلاف تحقیقات کریں جن کے نام پانامہ پیپرز میں شامل ہیں۔

انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کا نام پانامہ پیپرز میں شامل نہیں، مگر اس کے باوجود وزیراعظم نے خود کو اور اپنے خاندان کو احتساب کیلئے پیش کیا۔ انہوں نے کہا کہ جن لوگوں کے نام پانامہ پیپرز میں آئے وہ احتساب سے راہ فرار اختیار کررہے ہیں مگر وزیراعظم نے معاملے کی تحقیقات کیلئے ایک عدالتی کمیشن کا اعلان کردیا ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم کے ترجمان نے کہا کہ پانامہ پیپرز نے اپنی ویب سائٹ سے وزیراعظم کا نام ہٹا دیا ہے اور کہا ہے کہ یہ ایک ایڈیٹوریل غلطی تھی۔

مصدق ملک نے کہا کہ ملک میں جب بھی ترقی کا عمل شروع ہوتا ہے تو چند عناصر ترقی وخوشحالی کے عمل کی راہ میں رکاوٹیں پیدا کرنے میں مصروف ہوجاتے ہیں۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ وزیراعظم محمد نوازشریف تمام ممالک کے ساتھ گہرے اور دوستانہ تعلقات چاہتے ہیں۔