(ن) لیگ کی سیاسی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے ‘ولید اقبال

مولانا فضل الرحمن جیسے مفاد پرست سیاست دان اسے بچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے

جمعرات 5 مئی 2016 22:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) پاکستان تحریک انصاف لاہور کے صدارتی امید وار ولید اقبال نے کہا ہے کہ (ن) لیگ کی سیاسی کشتی بھنور میں پھنس چکی ہے ، مولانا فضل الرحمن جیسے مفاد پرست سیاست دان اسے بچانے میں کامیاب نہیں ہوں گے ،پوری قوم ملک سے لوٹ کر بیرونِ ملک دولت لے کر جانے والوں کے خلاف اُٹھ کھڑی ہوئی ہے اور لوٹی گئی ایک ایک پائی کا حساب چاہتی ہے ۔

گزشتہ روز اپنے دفتر میں ملاقات کے لیے آنے والے مختلف وفود سے گفتگو کرتے ہوئے ولید اقبال نے کہا کہ شہباز شریف اپنے منہ میاں مٹھو بن رہے ہیں اور خود ہی شفافیت اور ترقی کے قصیدے سنا کر اپنے دل کو بہلا رہے ہیں ،انہیں لاہور کے علاوہ پورے پنجاب میں کچھ نظر نہیں آتا جبکہ حقیقت یہ ہے کہ عوام غربت ، بھوک اور افلاس سے مجبور ہو کر اپنے بچوں کو بیچ رہے ہیں اور دو وقت کی روٹی کو ترس رہے ہیں ، سر کاری ہسپتالوں میں علاج معالجے کی سہولیات میسر نہیں ہیں سرکاری سکولوں میں تعلیم کا معیار ختم ہو چکا ہے اور وہاں گائے اور بھینسیں باندھی جا رہی ہیں ،امن و امان کی صورت حال انتہائی خطر ناک ہو چکی ہے اور عوام کو ڈاکوؤں کے سپرد کر دیا گیا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ(ن) لیگ عوام کے لیے عذاب لیگ بن چکی ہے، حکمران عوام کا خون نچوڑ رہے ہیں اور خود قربانی دینے کی بجائے عوام سے قربانی مانگ رہے ہیں ،مہنگائی کا جن بے قابو ہو چکا ہے اور حکمران اور ان کے درباری عوام کو سب اچھا کا جھوٹا راگ الاپ کر بے وقوف بنا نے کی نا کام کوشش کر رہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ان ظالم ، نا اہل اور کرپٹ حکمرانوں کو عوام کے مسائل کو حل کرنے میں کوئی دلچسپی نہیں ہے، یہ ہر مسئلے کو 2018میں حل کرنے کی باتیں کر رہے ہیں جو ان کی نا اہلی اور نا کامی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

متعلقہ عنوان :