مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے،ہماری سیاست کا محور عام آدمی کی فلاح ہے:شہبازشریف

ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو داؤ پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے 2013 کے مقابلے میں آج کا پاکستان زیادہ مستحکم اورپرامن ہے،وزیراعلیٰ کی مسلم لیگ(ن) کے وفدسے گفتگو

جمعرات 5 مئی 2016 22:08

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہبازشریف نے کہا ہے کہ پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ اقدار کی سیاست کی ہے اورہماری سیاست کا محور عام آدمی کی فلاح و بہبود ہے۔2013ء کے مقابلے میں آج کا پاکستان معاشی لحاظ سے مستحکم ہے۔وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں امن اور روشنی کا سفر ایک عزم کے ساتھ جاری و ساری ہے۔

پاکستان ہم سب کا ہے اور اسے مل کر ترقی و خوشحالی کی راہ پر لے کر جانا ہے۔ پرامن، معاشی طور پر مستحکم اور محفوظ پاکستان کا وعدہ پورا کریں گے۔ذاتی مفادات کی خاطر قومی مفادات کو داؤ پر لگانے کی سیاست نے ملک کو بے پناہ نقصان پہنچایا ہے۔ملک کی ترقی اور عوام کی خوشحالی کے پروگرام کو مشن سمجھ کر آگے بڑھا رہے ہیں اور عام آدمی کی فلاح و بہبود کیلئے اربوں روپے کے پروگرام شروع کررکھے ہیں۔

(جاری ہے)

مفاد عامہ کے منصوبوں پر بلاجواز تنقید کرنے والے عام آدمی کی خوشحالی کے دشمن ہیں۔پاکستان مسلم لیگ (ن) نے ہمیشہ صاف ستھری سیاست کی ہے اور اعلیٰ جمہوری اقدار کو ملحوظ خاطر رکھاہے اوریہی طریقہ پاکستان کو آگے لیجانے کاہے۔وہ آج یہاں مسلم لیگ (ن) کے وفد سے گفتگو کر رہے تھے۔ وزیراعلیٰ نے وفدسے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک کی کثیر آبادی کا تعلق دیہات سے ہے اور پاکستان مسلم لیگ (ن) کی حکومت دیہات میں بسنے والے افراد کی ترقی و خوشحالی کو اپنا نصب العین سمجھتی ہے۔

دیہی آبادی کی ترقی و خوشحالی کا ایک بڑا پروگرام ”پکیاں سڑکاں سوکھے پینڈے“ شروع کیا گیا ہے جو دیہی معیشت کی خوشحالی کے لئے ایک سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام پہلے کبھی شروع نہیں کیا گیا۔ 150 ارب روپے کا یہ منصوبہ دیہی آبادی کا طرز زندگی بدل دے گا۔ انہوں نے کہا کہ اربوں روپے کی لاگت سے ہزاروں کلومیٹر طویل سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا کام مکمل ہو چکا ہے۔

اس پروگرام کے تحت بننے والی سڑکوں کی دیکھ بھال اور تحفظ ایک قومی ذمہ داری ہے جسے ہر صورت نبھایا جائے گا۔پاکستان کی تاریخ میں دیہی سڑکوں کی تعمیر و بحالی کا اتنا بڑا پروگرام پہلے کبھی شروع نہیں کیا گیا۔اس پروگرام کے تحت اعلیٰ معیار کی کارپیٹڈ سڑکیں بنائی جا رہی ہیں۔ 2017-18ء تک کئی سو کلو میٹر طویل سڑکوں کا جال بچھا دیا جائے گا۔ ”پکیاں سڑکاں،سوکھے پینڈے“ پروگرام دیہی معیشت کے فروغ کیلئے خوشحالی کا پیغام لائے گا۔

اس پروگرام پر عملدرآمد سے دیہات اور شہروں کا فاصلہ سمٹ جائے گا۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کسانوں کی خوشحالی کیلئے کئے جانے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ کسان کی خوشحالی سب سے زیادہ مقدم ہے۔ زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے آئندہ 2 برس کیلئے ایک سو ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے۔زرعی پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ کاشتکار میرے بھائی ہیں جو زمین سے غلہ اگاتے ہیں۔ کاشتکاروں کو ریلیف کی فراہمی کیلئے ہرممکن اقدام اٹھائیں گے۔کاشتکاروں کو عالمی کساد بازاری سے بچانے کیلئے ہرممکن اقدام اٹھایا جائے گا۔زرعی پیکیج کے تحت کسانوں کو ان کی دہلیز پر ریلیف فراہم کریں گے۔ چھوٹے کاشتکاروں کے حقوق کے تحفظ پر کوئی آنچ نہیں آنے دوں گا۔

ان کے مفادات کا پورا خیال رکھا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ایک سو ارب روپے کے تاریخی پیکیج کا بنیادی مقصد چھوٹے کاشتکاروں کی مشکلات کم کرنا اور فی ایکڑ پیداوار بڑھانا ہے۔کسان خوشحال ہوگا تو پاکستان آگے بڑھے گا۔پنجاب حکومت نے زرعی شعبہ کی ترقی اور کاشتکاروں کی خوشحالی کیلئے ایک سو ارب روپے کا تاریخی پیکیج دیا ہے۔ آئندہ 2 برس میں اس پیکیج پر عملدرآمد سے کسانوں کی ترقی اور زراعت کے فروغ پر انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ زرعی پیکیج کی ایک ایک پائی کاشتکاروں کی فلاح و بہبود پر صرف کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ چھوٹے کاشتکاروں کے مفادات بے حد عزیز ہیں اور ان کے حقوق کے تحفظ کو ہر صورت یقینی بناوٴں گا۔