لاہور ہائیکورٹ، ویب سائٹ سے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹانے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو11 مئی کیلئے نوٹس جاری، جواب طلب

جمعرات 5 مئی 2016 22:02

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) لاہور ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹانے کے خلاف درخواست پر الیکشن کمیشن کو11 مئی کیلئے نوٹس جاری کرتے ہوئے جواب طلب کرلیا ہے۔مسٹرجسٹس منصور علی شاہ کی عدالت میں درخواست گزار شبیر اسماعیل کے وکیل اظہر صدیق نے بتایاکہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ سے پارلیمنٹرین کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا دی ہیں، آئین اور ملکی قوانین کے تحت ہرشہری کومعلومات تک رسائی کا حق دیتا ہے۔

(جاری ہے)

وکیل نے الزام لگایا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ویب سائٹ پر موجود اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ہٹا کر انہیں فائدہ پہنچایا اور اس طرح الیکشن کمیشن کے ادارے کی ساکھ کو بری طرح مجروع کیا گیا ہے۔درخواست گزار کے وکیل نے یہ بھی بتایا کہ وزیراعظم کے اعتراض کے بعد اثاثوں کی تفصیلات کو ویب سائٹ پر دوباہ بحال کیا گیا،جو الیکشن کمیشن کے معاملات میں براہ راست مداخلت کے مترادف ہے۔ اظہر صدیق نے استدعا کی کہ اراکین پارلیمنٹ کے اثاثوں کی تفصیلات ویب سائٹ سے ہٹانے کے ذمہ دار افسران کے خلاف کارروائی کی جائے کا حکم دیا جائے۔ الیکشن کمیشن کے وکیل نے بتایا کی آڈٹ کی وجہ سے ویب سائٹ کا لنک ڈان تھا، اس لیے ویب سائٹ پر مسئلہ ہوا۔