E-11 کی دونوں سروس روڈز کی تعمیر کا کام شروع کر دیا گیا

چیئرمین سی ڈی اے کی منصوبے کو مقررہ مدت میں مکمل کرنے کی ہدایت

جمعرات 5 مئی 2016 21:36

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) اسلام آباد میں روڈ انفراسٹرکچر اور سیکٹروں کی تیزی سے ڈیویلپمنٹ سی ڈی اے کی ترجیحات میں شامل ہے اور سی ڈی اے نے رواں مالی سال کو ترقیاتی سر گرمیوں کا سال بنانے کے لیے بیک وقت کئی اہم منصوبوں پر کام شروع کر رکھا ہے جو نہ صرف بروقت مکمل کئے جائیں گے بلکہ شہریوں کی سہولت اور اسلام آباد کی خوبصورتی اور اس کی تعمیر و ترقی کے لیے مزید کئی میگا پراجیکٹس بھی شروع کئے جا رہے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار چیئرمین سی ڈ ی اے معروف افضل نے جمعہ کے روز سی ڈی اے ہیڈ کوارٹر میں منعقدہ اعلیٰ سطحی اجلاس کے موقع پر کیا۔ اجلاس میں اسلام آباد میں جاری ترقیاتی سر گرمیوں اور مختلف اہم منصوبوں پر ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں سی ڈی اے کے ممبر ایڈمنسٹریشن عامر علی احمد، ممبر انجینئرنگ، ممبر انوائرنمنٹ اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔

چیئرمین سی ڈی اے کو بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سیکٹرD-12 کے باقیماندہ ترقیاتی کام تکمیل کے آخری مراحل میں ہیں جبکہ سیکٹر E-11 کی دونوں سروس روڈ (ایسٹ و نارتھ) کو دورویہ کرنے کا کام شروع کر دیا گیا ہے۔ انہیں بتایا گیا کہ اسلام آباد کے سیکٹرD-12 تک جانے والی ان دو اہم سروس روڈز پر پچھلے ماہ سے کام کا آغاز کیا گیا ہے۔ اس منصوبے پر لاگت کا تخمینہ 249 ملین روپے لگایا گیا تھا۔

تاہم یہ اہم منصوبہ 178 ملین روپے کی لاگت سے مکمل کیاجائے گا کیونکہ یہ ٹینڈر این آئی ٹی(NIT Cost) سے 28 فیصد کم پر دیا گیا ہے ۔ چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل کو بتایا گیا کہ ان دونوں سروس روڈز کی لمبائی تقریباًسوا چار کلو میٹر ہے جن کو دو رویہ کیا جا رہا ہے۔دوسری لین 24 فٹ چوڑی بنائی جا رہی ہے۔ان سروس روڈز کی ایک ایک لین پہلے سے ہی موجود تھی تاہم روز افزوں بڑھتی ہوئی آبادی بالخصوص سیکٹر D-12 میں تیزی سے گھروں کی تعمیر کے باعث ان سروس روڈز پر ٹریفک کا رش بہت زیادہ تھا ٹریفک کے اس بڑھتے ہوئے دباؤ کو کم کرنے اور سیکٹرD-12 تک آسان رسائی کو ممکن بنانے کے لیے اس منصوبے پر ہنگامی بنیادوں پر کام کا آغاز کر دیا گیا ہے جسے 9 ماہ کی قلیل مدت ہی میں مکمل کر لیا جائے گا۔

انہیں بتایا گیا کہ اس منصوبے کے لیے 75 ملین روپے رواں مالی سال میں مختص کئے گئے ہیں جبکہ باقیماندہ فنڈ اگلے مالی سال میں خرچ کیا جائے گا۔چیئرمین سی ڈی اے معروف افضل نے انجینئرنگ ونگ کو ہدایت کی کہ اس اہم منصوبے کو نہ صرف مقررہ مدت ہی میں مکمل کیا جائے بلکہ اس روڈ کی تعمیر میں جدید ٹیکنالوجی اور اعلیٰ معیار کو ملحوظِ خاطر رکھا جائے۔

چیئرمین سی ڈی اے نے انوائرنمنٹ ونگ کو ہدایت کی کہ سروس روڈز کی تکمیل تک ان سڑکوں کے دونوں اطراف سایہ داردرخت لگانے کے علاوہ سڑکوں کے درمیان میڈین سٹرپ (Midian Strip) کی لینڈ سکیپنگ کر کے خوبصورت اور پھولدار پودے اور گھاس لگائی جائے۔ چیئرمین سی ڈی اے نے ممبر انجینئرنگ کو ہدایت کی کہ سیکٹر E-11 کی سروس روڈ (ایسٹ اور نارتھ) پر ہونے والے کام کی پیش رفت سے ہفتہ وار روپورٹ بنا کر آگاہ کیا جائے اور ترقیاتی کام کو بلا تعطل جاری رکھنے کو یقینی بنایا جائے۔

متعلقہ عنوان :