ون ڈے رینکنگ میں نویں پوزیشن میں فکرمندی کی کوئی بات نہیں ہے ،اظہر علی

جمعرات 5 مئی 2016 21:28

ون ڈے رینکنگ میں نویں پوزیشن میں فکرمندی کی کوئی بات نہیں ہے ،اظہر علی

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)قومی ون ڈے کرکٹ ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہاہے کہ ون ڈے رینکنگ میں نویں پوزیشن میں فکرمندی کی کوئی بات نہیں ہے ۔ایک انٹرویو میں اظہر علی نے کہاکہ نئی سلیکشن کمیٹی اور کوچ کے آنے سے کارکردگی میں بہتری آئے گی ،پاکستان نے نیوزی لینڈ میں جیتنے کا موقع ضائع کیا ہے اور انگلینڈ کو ہرانا آسان نہیں ہو گا ۔

انھوں نے کہا کہ پاکستانی ٹیم کو اب بڑی ٹیموں کو ہرانا ہو گا اسی صورت میں اس کی رینکنگ بہتر ہو سکتی ہے۔پاکستان کی ون ڈے ٹیم کے کپتان اظہر علی نے کہا کہ پاکستانی ٹیم نے نیوزی لینڈ میں جیتنے کا اچھا موقع ضائع کیا ٗانگلینڈ کی ٹیم کو اسی کے میدانوں میں ہرانا آسان نہیں ٗ یہ یقینابہت بڑا چیلنج ہو گا تاہم یہی وقت ہے کہ بڑی ٹیموں کو ہرا کر ہی رینکنگ کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔

(جاری ہے)

اظہرعلی کو یقین ہے کہ نئی سلیکشن کمیٹی اور نئے کوچ کے آنے سے اچھی منصوبہ بندی ہو گی اور ٹیم کی کارکردگی میں بہتری آئے گی۔آئی سی سی کی جانب سے جاری کی گئی نئی ون ڈے رینکنگ کے مطابق آسٹریلیا پہلی پوزیشن پر برقرار ہے ٗ نیوزی لینڈ دوسرے اور جنوبی افریقہ تیسرے نمبر پر براجمان ہے۔ بھارتی ٹیم کی رینکنگ میں بھی ایک درجہ تنزلی ہوئی ہے اور وہ تیسرے سے چوتھی پوزیشن پر آگیا ہے ،اس فہرست میں سری لنکا پانچویں، انگلینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور پاکستان ایک درجہ تنزلی کے بعد آٹھویں پوزیشن پر چلا گیا۔