وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے مالدیپ کے ڈپٹی وزیر تعلیم اذلین احمد کی ملاقات

جمعرات 5 مئی 2016 20:51

اسلام آباد ۔ 5 مئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء) وزیر مملکت برائے وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ انجینئر محمد بلیغ الرحمن سے جمعرات کو مالدیپ کے ڈپٹی وزیر تعلیم اذلین احمد نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ وزیر مملکت نے وفد کو خوش آمدید کہتے ہوئے پاکستان میں تعلیم کی صورتحال اور وزارت وفاقی تعلیم و پیشہ وارانہ تربیت کے مختلف منصوبوں کے بارے میں آگاہ کیا۔

ملاقات میں ہائیر ایجوکیشن کمیشن کے کردار، ٹویٹ پالیسی، کم سے کم تعلیمی معیارات، نصاب کی تیاری اور حکومت کے پائیدار ترقی کے اہداف کے حصول کے عزم کے بارے میں تبادلہ خیال کیا۔ ملاقات میں وزیر مملکت نے وفد کو پاکستان میں شرح خواندگی اور سکولوں میں داخلہ کی شرح میں اضافے ، تعلیم مکمل کئے بغیر سکولوں سے اخراج اور گزشتہ 2 سال کے دوران صوبوں کے تعلیمی بجٹ میں اضافے سے بھی آگاہ کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ وہ اپنے دوست ملک مالدیپ کو تعلیم کے میدان میں تعاون اور اشتراک کیلئے تیار ہے۔ اس موقع پر مالدیپ کے ڈپٹی وزیر تعلیم اذلین احمد نے ان کو بھی بھرپور خوش آمد کہنے پر پاکستان اور وزیر مملکت بلیغ الرحمن کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان نے ہمیشہ مالدیپ کی مدد کی اسی وجہ سے ہمارے تعلقات دوسرے ممالک سے بہت مختلف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ ہم بھائی ہیں اور جب بھی پاکستان کو ہماری ضرورت پڑی ہم وہاں موجود ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ مالدیپ کے صدر نے وزیر اعظم پاکستان کو دورہ مالدیپ کی دعوت دی ہوئی ہے۔ مالدیپ کے ڈپٹی وزیر تعلیم نے کہا کہ ہمارا دورہ پاکستان بہت مفید رہا وہ پاکستان میں تعلیم کے معیار سے متاثر ہوئے۔ مالدیپ کی نیشنل یونیورسٹی اور پاکستان کی بہترین یونیورسٹی کامسیٹس کے درمیان ایک مفاہمت کی یادداشت پر دستخط ہوئے ہیں۔ ملاقات میں مالدیپ کے وفد کے ارکان کے علاوہ پاکستان کے وفاقی سیکرٹری تعلیم ہمایوں خان، جوائنٹ ایجوکیشن ایڈوائزر رفیق طاہر اور دیگر اعلیٰ عہدیداران بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :