وزیر خزانہ کا پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

کراچی سرکلر ریلوے ایک اہم قومی منصوبہ ہے،جاپان منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرے،جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی 1.4 ارب ڈالر کی مالی امداد پرشکرگزار ہیں۔ وزیر خزانہ اسحاق ڈارکی جائیکاکے وفد سے ملاقات اور ایشیاء کی معاشی صورتحال پر مباحثہ کے دوران اظہار خیال

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعرات 5 مئی 2016 20:49

وزیر خزانہ کا پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور

فرینکفرٹ(اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05مئی۔2016ء) :وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار ایشائی ترقیاتی بنک کے متفقہ طور پر وائس چیئر مین منتخب، وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاکستان اور جاپان کے درمیان اقتصادی تعاون بڑھانے پر زور دیتے ہو ئے کہا ہے کہ کراچی سرکلر ریلوے ایک اہم قومی منصوبہ ہے،جاپان منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرے ، جاپان کی جانب سے فراہم کی جانے والی 1.4 ارب ڈالر کی مالی امداد پرشکرگزار ہیں، ایشیاء میں معا شی ترقی کی صورتحال انتہائی حوصلہ افزاء ہے ،بنیا دی ڈھا نچہ میں سرمایہ کاری ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرے گی۔

وہ آج جمعرات کو فرینکفرٹ میں ایشیائی ترقیاتی بنک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے موقع پر جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے جائیکاکے وفد سے ملاقات اور ایشیاء کے معاشی صورتحال کے حوالہ سے مباحثہ کے دوران اظہار خیال کررہے تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر خزانہ اسحق ڈار نے جاپان کے بین الاقوامی تعاون کے ادارے جائیکاکے وفد سے ملاقات کی ۔وزیر خزانہ نے پاکستان کی اقتصادی ترقی میں تعاون جاری رکھنے پر جاپان کی حکومت اور جائیکا کو سراہا۔

مالی سال 2014-15 میں توانائی کے شعبہ میں اصلاحات کے لئے پچاس ملین ڈالر اور 2015-16میں 43ملین ادا کرنے کا وعدہ کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔انہوں نے جاپان کے وفد کو بتایا کہ کراچی سرکلر ریلوے ایک اہم قومی منصوبہ ہے۔ انہوں نے جاپان پر زور دیا کہ وہ منصوبے کیلئے فنڈز کی فراہمی کیلئے اقدامات تیز کرے۔جائیکا کے وفد نے دوطرفہ تعاون بڑھانے کی خواہش کا اظہار کیا۔

ملاقات کے دوران پاکستان میں جائیکا کی طرف سے شروع کئے گئے منصوبوں سے متعلق امور بھی زیر غور آئے۔دریں اثناء فرینکفرٹ میں ایشیاء کے معاشی صورتحال کے حوالہ سے مباحثہ ہوا۔مباحثہ میں پاکستان اور اندونیشیا کے وزراء خارجہ،صدر اے ڈی بی اور معاشی ماہرین نے شرکت کی۔وزیر خزانہ اسحق ڈار نے پاکستان کی معیشت کی ترقی کے لئے کیے گئے اقدامات سے شرکاء کو آگا ہ کیا۔

انہوں نے کہا کہ ایشیاء میں معا شی ترقی کی صورتحال انتہائی حوصلہ افزاء ہے ۔بنیا دی ڈھا نچہ میں سرمایہ کاری ترقیاتی عمل کو مزید تیز کرے گی۔ قبل از یں وزیر خزانہ اسحٰق ڈار کو متفقہ طور پر ایشائی ترقیاتی بنک کا وائس چیئر مین منتخب کیا گیا ہے۔اْنھیں فرینکفرٹ میں بنک کے بورڈ آف گورنرز کے سالانہ اجلاس کے دوران منتخب کیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :