سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے 15ہزار نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی، محمد عاطف خان

آئندہ مالی سال کے بجٹ میں تعلیمی اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کیلئے بھی کثیر رقوم مختص کی جائینگی، وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم کے پی کے

جمعرات 5 مئی 2016 20:44

سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کیلئے 15ہزار نئی آسامیاں پیدا کی ..

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) خیبر پختونخوا کے وزیرابتدائی و ثانوی تعلیم محمد عاطف خان نے کہا ہے کہ سکولوں میں اساتذہ کی کمی پوری کرنے کے لئے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں 15ہزار نئی آسامیاں پیدا کی جائیں گی جبکہ تعلیمی اداروں کی ضروریات کو پورا کرنے کے لئے بھی کثیر رقوم مختص کی جائیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ گزشتہ 3سالوں کے دوران 25ہزار اساتذہ بھرتی کئے جا چکے ہیں۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشاور میں تعلیمی مسائل سے متعلق اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں ایڈیشنل سیکرٹری ابتدائی تعلیم قیصر عالم اورڈائریکٹر تعلیم رفیق خٹک کے علاوہ تنظیم اساتذہ خیبر پختونخوا کے خیراﷲ حواری، مصباح الاسلام عابد، میاں ضیاء الرحمن، سکندر خان اور شاہداﷲ شاہ نے بھی شرکت کی۔

(جاری ہے)

اجلاس میں نظام تعلیم کی بہتری اور امتحانات میں اصلاحات کے ساتھ ساتھ تنظیم کی جانب سے پیش کردہ 17نکاتی ایجنڈہ بھی زیر غورآیااوراس سلسلے میں کئی اہم فیصلے کئے گئے۔

اس موقع پر اظہار خیال کرتے ہوئے وزیر تعلیم نے کہا کہ اساتذ ہ معاشرے کا اہم حصہ ہیں اورملک کی ترقی میں ان کا ایک بنیادی کردار ہے لہذاصوبائی حکومت اساتذہ کے جملہ مسائل تر جیحی بنیادوں پر حل کرے گی۔ان کا کہنا تھا کہ حکومت نے ہر شعبہ زندگی میں انقلابی اقدامات اٹھائے ہیں جن کے اثرات بتدریج نمودارہورہے ہیں اور انشاء اﷲ اپنی آئینی مدت پوری ہونے تک لوگ ایک واضح تبدیلی محسوس کریں گے۔

عاطف خان نے کہا کہ نئی تعلیمی پالیسی کا ہدف قوم کے جگر گوشے ہیں اور ہماری بھر پور کوشش ہے کہ کوئی بھی بچہ زیورتعلیم سے محروم نہ رہے اور اس کے لئے بہت جلد گھر گھر سروے شروع کررہے ہیں۔اسی طرح سرکاری سکولوں پر لوگوں کا اعتماد بحال کرنے کے لئے بھی کام کر رہے ہیں اور اس کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں ۔اب تک نجی تعلیمی اداروں کے 35ہزار سے زیادہ طلباء نے سرکاری سکولوں کا رخ کیاہے ۔ہماری پوری کوشش ہے کہ اپنے سکولوں کا معیار بین الاقوامی سطح کے سکولوں کا ہم پلہ بناکر غریبوں کے بچوں کو بھی معیار تعلیم کے حصول کے یکساں مواقع فراہم ہوں ۔ بعد ازاں تنظیم کے سیکرٹری مالیات نے وزیر موصوف کو تفہیم القرآن کا تحفہ بھی پیش کیا۔

متعلقہ عنوان :