احتساب سلیکٹڈنہیں بلکہ بلا امتیاز سب کا ہونا چاہیے‘پرویز ملک

عمران کا مقصداحتساب نہیں، افراتفری پھیلا کر عوامی فلاحی منصوبوں کو روکناہے‘صدر (ن) لیگ لاہور

جمعرات 5 مئی 2016 20:32

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) پاکستان مسلم لیگ(ن) لاہور کے صدر و رکن قومی اسمبلی محمد پرویزملک نے کہا ہے کہ احتساب ان سب لوگوں کا بھی ہونا چاہیے جنہوں نے کرپشن کی، قرضے معاف کرائے یا کیک بیکس کے ذریعے پیسہ بنایا،ہمارے اس اصولی موقف کی اپوزیشن لیڈر نے بھی تائید کردی ہے، پہلے دن سے ہی ہمارا یہی موقف رہا ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے گذشتہ ر وز پارٹی دفتر میں کارکنوں کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ احتساب سلیکٹڈنہیں بلکہ بلا امتیاز سب کا ہونا چاہیے ، اور اس کے لئے کوئی سالوں کی ضرورت نہیں ۔انہوں نے کہا کہ ٹی او آرز پر اپوزیشن کے لئے مشاورت کے دروازے بند نہیں کئے جب چاہیں بات چیت کی جا سکتی ہے یہی جمہوریت کا حسن ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بعض اپوزیشن جماعتوں نے غیر جمہوری رویہ اختیار کر رکھا ہے اور ان کا کام صرف ملکی تعمیرو ترقی کا پہیہ روکنا ہے، جیسا کہ انہوں نے دھرنے کے دوران چینی صدر کے دورہ میں رکاوٹ بنے اور ملک میں ہونے والی سرمایہ کاری کو روکنے کی کوشش کی ۔

انہوں نے کہا کہ اب عمران خان کمیشن سے بھاگ رہے ہیں ،کیونکہ ان کا مقصد تحقیقات نہیں بلکہ افراتفری پھیلا کر عوامی فلاحی منصوبوں کو روکناہے۔انہوں نے کہا پاکستان کی ترقی کا پہیہ وزیر اعظم میاں نواز شریف اور وزیر اعلیٰ میاں شہباز شریف کی قیادت میں انشاء اﷲ آگے ہی بڑھتا رہے گا اب رکے گا نہیں ۔

متعلقہ عنوان :