پنجاب حکومت خواتین کی تعلیم و ترقی کیلئے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کیلئے نئی جہتیں متعارف کروا رہی ہے‘ذکیہ شاہنواز

خواتین کو معاشی سطح پر بااختیار اور بااعتماد بنانے کے لئے مختلف پراجیکٹس کا آغاز کیا جاچکا ہے پاکستان کی کل آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اس لئے ان کا تعلیم یافتہ ہونا ہماری اقتصادی ، تحقیقی ، معاشی،معاشرتی اور تعلیمی ترقی کے لئے بے حدضروری ہے‘صوبائی وزیر

جمعرات 5 مئی 2016 20:30

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) صوبائی وزیرہائرایجوکیشن بیگم ذکیہ شاہنواز نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت خواتین کی تعلیم و ترقی کے لئے جدید تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے نت نئی جہتیں متعارف کروا رہی ہے خواتین کو معاشی سطح پر بااختیار اور بااعتماد بنانے کے لئے مختلف پراجیکٹس کا آغاز کیا جاچکا ہے کیونکہ پاکستان کی کل آبادی کا نصف حصہ خواتین پر مشتمل ہے اس لئے ان کا تعلیم یافتہ ہونا ہماری اقتصادی ، تحقیقی ، معاشی،معاشرتی اور تعلیمی ترقی کے لئے بے حدضروری ہے-ان خیالات کا اظہار یہاں بیگم ذکیہ شاہنواز نے لاہور کالج یونیورسٹی کی 94ویں سالگرہ کے موقع پرتقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا- انہوں نے کہا کہ لاہور کالج یونیورسٹی لاہور کا ہاورڈ ہے یہ بے شمار ڈاکٹرز، انجینئر، سائنسدان اور پروفیسرز کی درسگاہ ہے- انہوں نے لاہور کالج کی علمی ، ادبی و تعلیمی خدمات کو سراہتے ہوئے کہا کہ پنجاب حکومت اس تعلیمی سفر میں اس کے ساتھ ہے یہی وجہ ہے کہ حکومت کی طرف سے اس کے پیش کردہ پرپوزلز کو کبھی رد نہیں کیا گیا -انہوں نے یونیورسٹی کی پودوں سے متعلق تحقیقی نرسری کا جائزہ بھی لیا-سابق وائس چانسلر ڈاکٹر بشری متین اور عظمی قریشی نے یونیورسٹی کی شاندار کارکردگی کے حوالے سے اپنے خیالات کا اظہار کیا - تقریب میں اساتذہ اورطالبات کی بڑی تعداد نے شرکت کی-اس سے قبل صوبائی وزیر نے سوسائٹی پبلک سکول مغلپورہ میں سالانہ تقسیم انعامات کی تقریب میں بچوں کی حوصلہ افزائی کے لئے پوزیشن ہولڈرز کو انعامات و شیلڈز دیں- بعدازاں انہوں نے وویمن گرل گائیڈ کی سالانہ کونسل کے اجلاس کی صدارت کی اور بہترین کارکردگی پر پنجاب بھر سے آنے والی گرل گائیڈز میں انعامات تقسیم کئے-صوبائی وزیر نے اس موقع پر گرل گائیڈ کے ٹیچرز اور طالبات سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ گرل گائیڈ ایک ایسا ادارہ ہے جو اخلاقی ، نفسیاتی طور پر آپ کو مکمل عورت بناتا ہے اس لئے پنجاب کے تمام اضلاع میں اپنی اپنی جگہ پر اپنے فرائض کو ایمانداری سے پورا کریں-انہوں نے کہا کہ عصری تقاضوں کو پورا کرنے کے لئے اساتذہ پر پہلے سے بھی کہیں زیادہ بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے اس لئے وہ ترقی پسند سوچ کے حامل معاشرے کی تکمیل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں-

متعلقہ عنوان :