نرسیں ڈینگی کے خلاف شعور اور آگاہی مہم بھر پور طریقے سے چلائیں : سی این ایس سروسز ہسپتال

خواتین ڈینگی کے خلاف جنگ میں ہراول دستے کا کردار ادا کر رہی ہیں ، صفائی ستھرائی کو مستقل عادت بنانا ضروری ہے نرسیں مریضوں کے لواحقین کو گندگی کی صورت میں ڈینگی کے خطرے سے آگاہ کریں ، نرسنگ سٹاف کا اجلاس

جمعرات 5 مئی 2016 20:17

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) چیف نرسنگ سپرنٹنڈنٹ سروسز ہسپتال ثمینہ یاسمین نے کہا ہے کہ ڈینگی سے بچاؤ اور تدارک میں ہسپتالوں کی نرسیں شعور کی بیداری اور آگاہی مہم کے ذریعے نمایاں کردار ادا کر سکتی ہیں - نرسنگ سٹاف کے ایک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے ثمینہ یاسمین نے کہا کہ صفائی ستھرائی کو جب تک ہم اپنی مستقل عادت نہیں بنائیں گے - ڈینگی کا خطرہ ہمارے سروں پر منڈلاتا رہے گا - یہی وجہ ہے کہ ڈینگی کے خلاف جنگ میں گھریلو خواتین اور اور مختلف اداروں و دفاتر میں کام کرنے والی ورکنگ ویمن کو ہراول دستہ قرار دیا گیا ہے -اس موقع پر وائی این اے کی صدر شمشاد نیازی نے بھی اظہار خیال کیا ۔

(جاری ہے)

سی این ایس نے کہا کہ مریضوں کی تیمار داری پر مامور نرسیں مریضوں او ران کے لواحقین کے علاوہ اپنے گلی محلے میں ڈینگی سے بچاؤ کے حوالے سے شعور کی بیداری میں بے حد اہم کردار ادا کر سکتی ہیں - انہوں نے کہا کہ نرسوں نے ڈینگی کے خلاف جنگ میں اپنے شعبے میں شاندار خدمات سرانجام دی ہیں اور لاہور سمیت پورے صوبے کو ڈینگی کے خونخوار پنجوں سے آزاد کرانے میں ان کی دن رات کی محنت اور لگن کو نظر انداز نہیں کیا جا سکتا - ثمینہ یاسمین نے نرسوں پر زور دیا کہ وہ اپنے وارڈز سمیت پورے ادارے میں صفائی کی صورت حال پر کڑی نظر رکھیں ،خصوصاً مریضوں کے لواحقین کو صفائی کی اہمیت سے آگاہ کریں اور انہیں بتائیں کہ اگر گندگی اور آلودگی کے خاتمہ کی شعوری کوشش نہ کی گئی تو ڈینگی ایک موذی مرض بن کر ایک دفعہ پھر ہمارے پیاروں کی جانوں کے لئے خطرہ بن سکتا ہے

متعلقہ عنوان :