وفاقی پولیس نے اہلکارپرتشددکے مقدمے میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری اور بیٹے کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے

ملزمان کی گرفتاری کیلئے چھاپے ، نیئر بخاری نے ضمانت قبل ازگرفتاری کرالی توگرفتاری سے بچ جائیں گے ورنہ ان کی گرفتاری ہرحال میں یقینی بنائی جائیگی، پولیس

جمعرات 5 مئی 2016 20:09

وفاقی پولیس نے اہلکارپرتشددکے مقدمے میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئر بخاری ..

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء ) وفاقی پولیس نے اسپیشل برانچ کے اہلکارپرتشددکے مقدمے میں سابق چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری اوران کے بیٹے کے وارنٹ گرفتاری حاصل کرلئے ۔پولیس نے ملزموں کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارنابھی شروع کردئیے ۔ تفصیلات کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ نیئرحسین بخاری اور ان کے بیٹے جرارشاہ کی گرفتاری کے لئے تھانہ مارگلہ پولیس نے عدالت سے رجوع کیا۔

پولیس کی درخواست پرسول جج جواد حسین نے سابق چیئرمین سینیٹ نیئر حسین بخاری اور انکے بیٹے جرار شاہ کے وارنٹ گرفتاری جاری کردئے ۔پولیس نے وارنٹ گرفتاری ملتے ہی ملزموں کی گرفتاری کے لئے حکمت عملی مرتب کی اور ایک پولیس پارٹی کونئیرحسین بخاری کی رہائش گاہ پرروانہ کیا۔

(جاری ہے)

لیکن نئیرحسین بخاری اوران کابیٹاگھرپرموجود نہیں تھا۔پولیس نے ملزموں کے گھرکی ناکہ بندی اورخفیہ نگرانی بھی شروع کررکھی ہے۔

ذرائع کے مطابق سابق چیئرمین سینیٹ نے گرفتاری سے بچنے کے لئے عدالت سے ضمانت حاصل کرنے پربھی غورشروع کردیاہے جبکہ دوسری جانب پاکستان پیپلزپارٹی نے بھی سابق چئیرمین سینیٹ کیخلاف درج مقدمے کوخارج کرنیکے لئے حکومت سے رابطے شروع کردئیے ہیں ۔پولیس کاکہناہے کہ اگرنیئرحسین بخاری نے قبل ازگرفتاری ضمانت کرالی توگرفتاری سے بچ جائیں گے ورنہ ان کی گرفتاری ہرحال میں یقینی بنائی جائیگی ۔نیئرحسین بخاری اور ان کے بیٹے جرارشاہ پرالزام ہے کہ انہوں نے گذشتہ روز ڈسٹرکٹ کورٹ میں شناخت طلب کرنے پراسپیشل برانچ کے اہلکارکوتشددکانشانہ بنایاتھا۔

متعلقہ عنوان :