کے الیکٹرک کیخلاف شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے،محمد یامین

شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی ہمارا نصبُ العین ہے ،مشیر وفاقی محتسب ریجنل آفس

جمعرات 5 مئی 2016 19:33

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) کے الیکٹرک کے خلاف شہریوں کی بڑھتی ہوئی شکایات کا ازالہ کیا جا رہا ہے اور شہریوں کو مفت اور فوری انصاف کی فراہمی ہمارا نصبُ العین ہے ۔ ان خیالات کا اظہار وفاقی محتسب ریجنل آفس کے ایڈوائزر محمد یامین نے کیا وہ ڈپٹی کمشنر ملیر کے کیمپ آفس میں کے الیکٹرک کی زائد بلنگ کے خلاف شہریوں کی جانب سے وفاقی محتسب ِ اعلیٰ کو دی جانے والی درخواستوں کی سماعت کر رہے تھے ۔

اس موقع پر وفاقی محتسب کی افسر تعلقاتِ عامہ بہلیم بلقیس جان او رکے الیکٹرک کے نمائندے وقاص احمد بھی موجود تھے۔ ایڈوائزر محمد یامین نے کہا کہ وفاقی محتسب کے فیصلے پر عملدر آمد سے شہریوں کو فوری انصاف کی فراہمی کا سلسلہ جاری ہے۔ درخواست گذار شاہدہ برنی نے کہا کہ کے الیکٹرک کی جانب سے انہیں جو بل موصول ہوا ہے وہ ان کے استطاعت سے باہر ہے لہٰذا زائد بلنگ کا خاتمہ کرکے میرے ساتھ انصاف کیا جائے محمد یامین نے کے الیکٹرک کی جانب سے پیش کی جانے والی رپورٹ کا جائزہ لینے کے بعد زائد بلنگ کا خاتمہ کردیا جبکہ بقیہ رقم کو 6قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔

(جاری ہے)

درخواست گذار امداد علی مارفانی نے کہا کہ ان کے گھر میں بجلی کا استعمال کم ہے جبکہ بجلی کا بل بہت زیادہ آرہا ہے جو کہ وہ ادا کرنے سے قاصر ہے۔ ایڈوائزر محمد یامین نے بل کا بغور جائزہ لینے کے بعد نہ صرف زائد بلنگ کو ختم کردیا بلکہ بقیہ رقم کو قسطوں میں ادا کرنے کا حکم دیا۔ وفاقی محتسب کے ایڈوائزر محمد یامین نے جعفر بیگ اور محمد رمضان کی درخواست کی سماعت کرتے ہوئے کہا کہ چونکہ کے الیکٹرک کی اپنی رپورٹ تاحال موصول نہیں ہوئی ہے لہٰذا انہیں ایک ہفتے کے بعد کی تاریخ دی گئی۔ محمد اقبال، عمران خان اور دیگر کی درخواستوں کی بھی سماعت کی گئی اور ان کی شکایتوں کا ازالہ کیا گیا۔

متعلقہ عنوان :