صحت کے شعبے میں بہتری لانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے،ڈویژنل کمشنر میرپور خاص

جمعرات 5 مئی 2016 18:53

میرپورخاص (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) ڈویژنل کمشنر شفیق احمد مہیسر نے کہا ہے کہ صحت کے شعبے میں بہتری لانا انتظامیہ کی ترجیحات میں شامل ہے ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اپنے دفتر میں میرپورخاص اور ڈگری کے ڈائیلاسز سینٹروں کی بہتری اور درپیش مسائل کے حل کیلئے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ کمشنر نے ڈائیلاسز سینٹر میرپورخاص میں مزید ایک اور ڈاکٹرمقررکرنے اور ڈائیلاسز سینٹر ڈگری میں خراب ڈائیلاسزمشین کی مرمت کروانے کا یقین دلایا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ڈائیلاسز سینٹر میں میرپورخاص کے علاوہ دیگر اضلاع سے آنیوالے مریضوں کا بہتر ڈائیلاسز کے ساتھ ساتھ اچھے سلوک سے پیش آیا جائے ۔اس موقع پر ڈائیلاسز سینٹرمیرپورخاص کے انچارج اشتیاق نے بتایا کہ سینٹر میں 50سے زائد مریض دیگر اضلاع سے علاج معالج کیلئے آتے ہیں جبکہ ڈگری میں بھی ہر ماہ 40سے زائد ڈائیلاسزکے مریضوں کا علاج معالج کیا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

اس موقع پرڈپٹی کمشنر سید مہدی علی شاہ، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر میرپورخاص ڈاکٹر شفیق الرحمن میمن ،اسسٹنٹ کمشنر ڈگری ثناء ﷲ ،سول سرجن ڈاکٹر اصغرآرائیں ،اعزازی سیکریٹری ڈائیلاسز سینٹر میرپورخاص منصورچیمہ،ایم ایس ڈگری ڈاکٹر فضل الرحمن تالپر،فضل الھیٰ میمن،اور متعلقہ افسران نے شرکت کی۔