پنجاب فوڈ اتھارٹی ان ایکشن ، صفائی کے ناقص انتظامات پر فاطمہ میوریل ہسپتال کی کینٹین ، ایک جوس کارنر اینڈ ہوٹل سربمہر

دوکانداروں کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور پولیس کے ساتھ شدید مزاحمت بھی کی گئی، متعدد دکانداروں کے خلاف مقدمات درج

جمعرات 5 مئی 2016 18:50

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) پنجاب فوڈ اتھارٹی کی کارروائیاں جاری ، صفائی کے ناقص انتظامات پر فاطمہ میموریل ہسپتال کی کینٹین اور ایک جوس کارنر اینڈ ہوٹل کو سربمہر کر دیا گیاجبکہ ٹولنٹن مارکیٹ سے مردہ مرغیاں اور 16من مضر صحت گوشت برآمد کر کے 13افراد کو حراست میں لے لیا ، دوکانداروں کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور پولیس کے ساتھ شدید مزاحمت بھی کی گئی ۔

تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز کی سربراہی میں ٹیم نے فاطمہ میوریل ہسپتال کی کینٹین اور جوس شاپ پر چھاپہ مارا ، کینٹین میں اوپن ڈرین ، کوڑے کرکٹ کے ڈھیر لگے ہوئے تھے۔ کینٹین میں لال بیگ بھی پائے گئے۔ جس پر ڈائریکٹر پنجاب فوڈ اتھارٹی نے فاطمہ میموریل ہسپتال کی کنیٹین کو فوری طور پر سربمہر کر دیا۔

(جاری ہے)

دوسری کارروائی میں صفائی کے غیر مناسب انتظامات پر شمع روڈ پر واقع بسم اﷲ جوس کارنر اینڈ ہوٹل کو سربمہر کر دیا گیا ہے۔

طاہر کلثوم کے مطابق کچن میں بلی اور مردہ چوہے پائے گئے ، جوس کیلئے گلا سڑا پھل استعمال کیا جا رہا تھا۔جبکہ تیسری کارروائی میں ڈائریکٹر عائشہ ممتاز کی سربراہی میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے ٹولنٹن مارکیٹ کا دورہ کیا اور اس دوران مضر صحت گوشت فروخت کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کیا گیا ۔ کارروائی کے دوران فوڈ اتھارٹی کی ٹیم کیساتھ پنجاب پولیس کی بھاری نفری بھی موجود تھی ۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی کی ٹیم نے کارروائی کرتے ہوئے ٹولنٹن مارکیٹ میں مضر ٓصحت گوشت فروخت کرنے کی کوشش ناکام بنادی اور 16من مضر صحت گوشت اور مردہ مرغیوں کو قبضے میں لے لیا ۔کارروائی کے دوران 13افراد کو حراست میں بھی لے لیا گیا ۔ اس دوران دوکانداروں کی جانب سے فوڈ اتھارٹی کی ٹیم اور پولیس کے ساتھ شدید مزاحمت بھی کی گئی ۔مردہ مرغیوں کا گوشت بنانے پر متعدد دکانداروں کے خلاف مقدمات بھی درج کر لیے گئے۔

متعلقہ عنوان :