ہنگو،متاثرین اورکزئی کی آبائی علاقوں میں واپسی کاسلسلہ جاری

ایک ہفتے میں اپر اورکزئی کے 400سے سے زائد خان سات سال بعد آبائی علاقوں کو واپس منتقل اپر اورکزئی کے مجموعی طور پر 2800متاثرہ خاندانوں کی واپسی رواں ماہ مکمل کی جائے گی

جمعرات 5 مئی 2016 18:40

ہنگو(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء)متاثرین اورکزئی کی آبائی علاقوں میں واپسی کاسلسلہ جاری،ایک ہفتے میں اپر اورکزئی کی 400سے سے زائد خان سات سال بعد آبائی علاقوں کو واپس منتقل۔اپر اورکزئی کی مجموعی طور پر 2800متاثرہ خاندانوں کی واپسی رواں ماہ مکمل کی جائے گی۔حکومت متاثرین اورکزئی کی قربانیوں کا صلہ مناسب انداز میں دینا یقینی بنائے۔

فاٹا متاثرین کے حقوق کا ہر پلیٹ فارم پر دفاع کریں گے۔متحدہ قبائل پارٹی کے مرکزی وائس چیئر مین ملک حبیب نور اورکزئی کی بات چیت۔تفصیلات کے مطابق اپر اورکزئی ایجنسی کی سیکورٹی کلیئر نس کے بعد متاثرہ خاندانوں کی واپسی کا سلسلہ جاری رہا ہے۔پولیٹیکل انتظامیہ اورکزئی کے مطابق گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران 400سے ذائد متاثرہ خاندان اپر اورکزئی کے مختلف علاقوں کو منتقل کر دئیے گئے جبکہ مجموعی طور پر 2800متاثرہ خاندانوں کی با عزت اور با حفاظت واپسی کا مرحلہ رواں ماہ مکمل کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

ادھر متحدہ قبائل پارٹی کے وائس چیئر مین ملک حبیب نور اورکزئی نے سنیئر صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ سابق گورنر کے پی کے مسعود کوثر نے متاثرین کی دوبارہ آبادکاری کی مد میں رجسٹرڈ فی خاندان 4لاکھ روہے مکانات اور نقصانات کے ازالہ اور تعمیراتی پیکجز کا اعلان کیا تھا جس پر کوئی عمل درآمد نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اورکزئی قبائل نے ملک و قوم کی خاطرقربانیاں پیش کیں جبکہ متاثرہ خاندانوں کی کفالت کے لئے35000روپے کی مالی معاونت ناکافی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بیرونی امداد کے بھاری بھر کم فنڈزجو کہ قبائلی علاقہ جات کے متاثرہ خاندانوں کو انسانی حقوق اور ہمدردی کے طور پر فراہم کی جاتی ہے اس سے بھی اورکزئی متاثرین کو محروم رکھا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ قبائل کو دوبارہ آبادکاری،تباہ شدہ املاک اور معاشی طور پر مستحکم بنانے کے لئے متحدہ قبائل پارٹی متاثرین اور کزئی کے حقوق کی بھر پور دفاع کریگی اور متاثرہ خاندانوں کے حقوق کے حصول کے لئے ہر سطح پر آواز بلند کی جائے گی۔