چودھری نثارسے ایرانی سفیرکی ملاقات،پاک ایران تعلقات اورمختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت

پاکستا ن اورایران کوبہتر تعلقات ، امن و امان میں رخنہ اندازی اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے،وفاقی وزیرداخلہ

جمعرات 5 مئی 2016 18:39

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) وفاقی وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان نے کہاہے کہ پاکستا ن اورایران کوبہتر تعلقات ، امن و امان میں رخنہ اندازی اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے ایرانی سفیر مہدی ہنردوست کی پنجاب ہاؤس میں ملاقات کے دوران کیا،ملاقات میں پاک ایران تعلقات اورمختلف شعبہ جات میں دو طرفہ تعاون پر بات چیت کی گئی۔

اس موقع پروزیرداخلہ نے کہاکہ دونوں ملکوں کے بہتر تعلقات ، امن و امان میں رخنہ اندازی اور خطے کو غیر مستحکم کرنے والے عناصر کے خلاف مل کر جدوجہد کرنے کی ضرورت ہے ۔چودھری نثارنے کہاکہ پاکستان اور ایران کے درمیان طے شدہ امور کوانکے مقررکردہ ٹائم فریم میں عملی جامہ پہنانے کیلئے اہداف کے حصول کا باقاعدگی سے جائزہ لیا جانااز حد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

وزیرداخلہ نے کہاکہ اعلیٰ سطحی دوروں کے نتیجے میں قائم ہونے والی فضا سے استفادہ کرتے ہوئے تمام تصفیہ طلب امور کے حل کے سلسلے میں کوششوں کو مزید تیز کرنا ہونگی۔وزیرِداخلہ نے دونوں ملکوں کے مابین منظم جرائم، انسانی سمگلنگ ،غیر قانونی آمدورفت اورمنشیات کی روک تھام کے لئے سرحدوں کی نگرانی اور معلومات کے بروقت تبادلے کے نظام کو مزید موثر بنانے پر زور دیا۔