قائد حزبِ اختلاف قابل احترام ، اُن کا بیان حقائق کے منافی ہے ، اپوزیشن ٹی او آرز کا واحد ہدف وزیر اعظم اور اُن کا خاندان ہے،پانامہ پیپرز کے چھپے سرپرست خطے میں ہونیوالی نئی صف بندیوں کو تباہ کرنے کیلئے پاکستان میں عدم استحکام چاہتے ہیں ، اپوزیشن تنقید کرے یا تجاویز دے ، فیصلے صادر نہ کرے

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا اپوزیشن کے ٹی او آرز پرردعمل کا اظہار

جمعرات 5 مئی 2016 17:47

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء ) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ قائد حزبِ اختلاف قابل احترام ہیں مگر اُن کا بیان حقائق کے منافی ہے ، اپوزیشن ٹی او آر کا واحد ہدف وزیر اعظم اور اُن کا خاندان ہے،پانامہ پیپرز کے چھُپے سرپرست خطے میں ہونیوالی نئی صف بندیوں کو تباہ کرنے کیلئے یہاں عدم استحکام چاہتے ہیں ، اپوزیشن تنقید کرے یا تجاویز دے مگر فیصلے صادر نہ کرے۔

(جاری ہے)

جمعرات کو اپنے ایک بیان میں وفاقی وزیر ریلوے نے کہا کہ نواز شریف اپنے خاندان کو عدلیہ کے سامنے احتساب کیلئے پیش کرنے والے پہلے پاکستانی حکمران ہیں۔ کاش پیپلز پارٹی، پی ٹی آئی یا ایم کیو ایم نے کبھی ایسی ایک مثال ہی قائم کی ہوتی۔ اُنھوں نے کہا کہ پانامہ پیپرز کی کوئی قانونی یا اخلاقی حیثیت نہیں۔ پانامہ پیپرز کے چھُپے سرپرست خطے میں ہونیوالی نئی صف بندیوں کو تباہ کرنے کیلئے یہاں عدم استحکام چاہتے ہیں ، اپوزیشن تنقید کرے یا تجاویز دے، مگر فیصلے صادر نہ کرے۔ جانبدارانہ اور منتقمانہ اپوزیشن تجاویز کے باوجود بات چیت کرکے راستہ نکالنے کی کوشش کرے گی۔