کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی بارے ٹریفک شعور بیداری کیمپ دوسرے روز بھی جاری رہا

جمعرات 5 مئی 2016 17:03

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) چیف ٹریفک آفیسرلاہورطیب حفیظ چیمہ نے کہا ہے کہ محفوظ سفری سہولیات کی فراہمی اور شہریوں میں ٹریفک قوانین بارے آگاہی سٹی ٹریفک پولیس کی اولین ترجیح ہے۔سی ٹی او کی ہدایت پردوسرے روز بھی مال روڈ پر کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کیلئے لگائے گئے ٹریفک آگاہی کیمپ میں شہریوں کو پمفلٹس تقسیم کےئے جاتے رہے اس موقع پر ٹی آر ایس ایف کے چےئر مین خورشیدالزماں خوشحالی اور اٹلس ہنڈا کے مینجر علی بھی موجود تھے۔

کمسن ڈرائیورز کی حوصلہ شکنی کیلئے 7روزہ مہم جاری ہے، کل(6مئی)سے سٹی ڈویژن میں کیمپ لگایا جائے گاجبکہ 11مئی سے خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف بھرپور کریک ڈاؤن شروع کیا جائے گا۔چیف ٹریفک آفیسر نے کہاکہ عوام میں ٹریفک قوانین کی پابندی بارے شعور اجاگر کرنے کیلئے ہم سب کو مل کر کوشش کرنا ہو گی،انہوں نے کہا کہ شہر میں والدین کی غفلت اور لاپرواہی کے باعث سڑکوں پر آنے والے کم عمر ڈرائیورز حادثات کی بڑی وجہ ہیں جن کی شعور بیداری کیلئیعوام کا تعاون بھی بے حد ضروری ہے۔

(جاری ہے)

سی ٹی اونے ٹریفک ایجوکیشن ٹیم کو حکم دیا کہ اہم شاہراہوں اور چوکوں پر بھرپور طریقے سے عوام کو ایجوکیٹ کرتے رہیں کہ وہ اپنے کم عمر بچوں کی ڈرائیونگ بارے احتیاط کریں ۔ انہوں نے وارڈنز کو ہدایت کی کہ دوران ڈیوٹی ٹریفک قوانین کی پاسداری پر عمل درآمد یقینی بنائیں،چوکوں اور شاہراہوں پر لوگوں کو ٹریفک قوانین بارے ایجوکیٹ کرنے کا سلسلہ بھی جاری رکھیں جبکہ شہریوں سے اپیل کی کہ اس آگاہی مہم کو کامیاب کرنے میں اپنا اخلاقی کردار ادا کرتے ہوئے دوسروں کو بھی ٹریفک قوانین بارے ایجوکیٹ کریں اورکمسن بچوں کو ہرگز ڈرائیونگ نہ کرنے دیں۔

متعلقہ عنوان :