حکومت کی توجہ صحت سمیت تمام شعبوں پر ہے، تمام شعبوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں، حکومت صحت کی سہولتیں عوام تک پہنچانے کیلیے پر عزم ہے، صحت کے مسائل اتنے گمبھیر ہیں کہ کوئی بھی حکومت اِن سے تنہا نہیں نمٹ سکتی، فلاحی اداروں کوحکومت کا ساتھ دینا چاہیے، بہت سی بیماریوں سے بچاوٴحفظان صحت کے اصول پر عمل کر کے ممکن ہے

صدر مملکت ممنون حسین کا ملتان میں بختاور امین میڈیکل کالج وہسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب

جمعرات 5 مئی 2016 16:46

ملتان(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی توجہ صحت سمیت تمام شعبوں پر ہے اور تمام شعبوں میں اصلاحات لائی جارہی ہیں۔وہ ملتان میں بختاور امین میڈیکل کالج و اسپتال کی افتتاحی تقریب سے خطاب کررہے تھے ۔صدر مملکت نے اپنے خطاب میں کہا ہے کہ حکومت صحت کی سہولتیں عوام تک پہنچانے کیلیے پر عزم ہے۔

انہوں نے کہا کہ صحت کے مسائل اتنے گمبھیر ہیں کہ کوئی بھی حکومت اِن سے تنہا نہیں نمٹ سکتی۔ اس سلسلے میں فلاحی اداروں کوحکومت کا ساتھ دینا چاہیے۔ انہوں نے زور دیا کہ بہت سی بیماریوں سے بچاوٴ حفظان صحت کے اصول پر عمل کر کے ممکن ہے۔ اس سلسلے میں سماجی تنظیموں اور تعلیمی اداروں کو اپنے علاقے اور خاص طور پر دور دراز علاقوں میں آگاہی مہمات چلانے چاہیے تاکہ عوام میں امراض سے بچاؤ کے متعلق شعور بڑھے اور پیچیدہ مسائل سے چھٹکارا ممکن ہو سکے۔

(جاری ہے)

صدر مملکت نے کہا کہ ہم اپنے تعلیمی اداروں کو بہترین فیکلٹی کے ذریعے سنٹرز آف ایکسیلنس کی حیثیت دلا سکتے ہیں۔ اس سلسلے میں ہماری جامعات کو بین الاقوامی سطح پر معروف تعلیمی اداروں سے روابط بڑھانے چاہیں اور اساتذہ کی تربیت کے لیے بھی ان سے مدد حاصل کرنے چاہیے۔ صدرمملکت نے کہا کہ کوئی بھی ملک اس وقت تک ترقی حاصل نہیں کر سکتا جب تک اس کی آبادی کا نصف حصہ ورک فورس میں شامل نہ ہو۔

انہوں نے کہا کہ یہ امر خوش آئند ہے کہ خواتین طبی تعلیم کے حصول کے لیے پیش پیش ہیں لیکن انہیں چاہیے کہ وہ علم حاصل کرنے کے بعد معاشرے کو اس کا فائدہ بھی پہنچائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ خواتین کی حوصلہ افزائی کے لیے پرائمری تک تعلیم کا شعبہ ان کے حوالے کر دینا چاہیے اس طرح نہ صرف مخلوط تعلیم پر تحفظات رکھنے والے والدین اپنے بچوں کو تعلیم دلانے میں ہچکچاہٹ محسوس نہیں کریں گے بلکہ خواتین اساتذہ چھوٹے بچوں کو بہتر طور پر تعلیم کے زیور سے آراستہ کر سکیں گے۔ افتتاحی تقریب میں رفیق رجوانہ، گورنر پنجاب اورانضمام الحق، ممبر بورڈ آف گورنرز وچیف سلیکٹر قومی کرکٹ ٹیم بھی موجو د تھے۔

متعلقہ عنوان :