پٹھانکوٹ حملے کے دوران مارے جانے والے 4 دہشتگردوں کی لاشوں کو خفیہ مقام پر دفنا دیا گیا

چاروں دہشتگردوں کی لاشوں کو پٹھانکوٹ ہسپتال کے مردہ خانے میں گزشتہ پانچ ماہ سے رکھا گیا تھا جہاں بار بار بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ سے لاشوں نے گلنا سڑنا شروع کردیاتھا،بھارتی اخبار کی رپورٹ

جمعرات 5 مئی 2016 16:37

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) بھارت کی قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے )نے پٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں مارے جانے والے 4 دہشتگردوں کی لاشوں کوسخت سیکورٹی میں خفیہ مقا م پر دفنا دیا گیا ۔جمعرات کو بھارتی میڈیا کے مطابقپٹھانکوٹ ائیربیس پر حملے کے دوران سیکورٹی فورسز کی جوابی کاروائی میں ہلاک ہونے والے چار دہشتگردوں کی لاشوں کودفنا دیا گیا ہے ۔

سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ چاروں دہشتگردوں کی لاشیں ہسپتال کے مردہ خانے میں گلنا شروع ہوگئی تھیں۔جن دہشتگردوں کی لاشوں کو دفنایا گیا ہے ان کی شناخت ناصر حسین ،ابو بکر،عمر فاروق اور عبدالقیوم کے نام سے ہوئی ہے ۔بھارتی اخبار ”ہندوستان ٹائمز “کے مطابق چاروں دہشتگردوں کی لاشوں کو پٹھانکوٹ ہسپتال کے مردہ خانے میں گزشتہ پانچ ماہ سے رکھا گیا تھا جہاں بار بار بجلی کی فراہمی منقطع ہونے کی وجہ سے ان لاشوں نے گلنا سڑنا شروع کردیاتھا۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز قومی تفتیشی ایجنسی (این آئی اے ) نے چاروں دہشتگردوں کی لاشوں کو خفیہ طریقے سے نامعلوم مقام پر منتقل کیا جہاں انھیں دفنا دیا گیا۔این ڈی ٹی وی کے مطابق پٹھانکوٹ حملے میں ملوث دہشتگردوں کی لاشوں کو اسی جگہ دفنا یا گیا ہے جہاں گزشتہ سال گرداسپور حملے کے دہشتگردوں کو دفنایا گیا تھا۔