سیاسی نعروں کی بجائے اقتصادی میدان میں مل کر چلنا ہو گا، احسن اقبال

جمعرات 5 مئی 2016 16:27

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) وفاقی وزیر منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال نے کہا ہے کہ سیاسی نعروں کی بجائے اقتصادی میدان میں مل کر چلنا ہو گا، تعلیم و تحقیق کو معیشت سے ہم آہنگ کر کے آگے بڑھنا ہو گا، عالمی مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے وژن 2025مرتب کیا، جس پر تمام صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان نے اتفاق کیا ہے۔

وہ جمعرات کو اسلامیہ کالج پشاور میں پاک چین اقتصادی راہداری سیمینار سے خطاب کر رہے تھے۔ احسن اقبال نے کہا کہ دنیا میں آگے بڑھنے اور مقابلے کیلئے معیشت ضروری ہے، سوویت یونین کھوکھلی معیشت کے باعث اپنا دفاع نہ کر سکا آج وہی ملک کامیاب ہے جس کی معیشت مضبوط ہے، علم کا ذخیرہ پیدا کرنے والے ملک ترقی کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سیاسی نعروں کی بجائے اقتصادی میدان میں مل کر چلنا ہو گا، دنیا میں اصل انقلاب صنعتی میدان میں برپا ہوا ہے، دنیا صنعت کے بعد تعلیم کے انقلابی دور میں داخل ہو چکی ہے، علم کے میدان میں پیچھے ہونے کی وجہ سے مسلمان مشکلات کا شکار ہیں، تعلیم و تحقیق کو معیشت سے ہم آہنگ کر کے آگے بڑھنا ہو گا۔

(جاری ہے)

احسن اقبال نے کہا کہ عالمی مسابقت کو مدنظر رکھتے ہوئے وژن 2025مرتب کیا ہے، تمام صوبوں آزاد کشمیر اور گلگت بلتستان کا وژن 2025پر اتفاق ہے، وژن 2025 کے مثبت اثرات مستقبل کی نسل کو نظر آئیں گے،2047میں پاکستان آبادی کے لحاظ سے دنیا کا چوتھا بڑا ملک ہو گا، بڑھتی آبادی کے چیلنج کو مواقع میں تبدیل کرنا ہو گا۔

متعلقہ عنوان :