کراچی، ضلعی انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ سمیت شہر کا نظام چلانے والے 17 اداروں نے اعلیٰ عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑادیئے

جمعرات 5 مئی 2016 16:17

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) کراچی میں ضلعی انتظامیہ اور کنٹونمنٹ بورڈ سمیت شہر کا نظام چلانے والے 17 اداروں نے اعلیٰ عدالتوں کے احکامات ہوا میں اڑادیئے ہیں ۔ شہر کی اہم شاہراہیں، گرین بیلٹس اور فٹ پاتھ اشتہاری بورڈز سے بھر گئے ہیں ۔ ایکشن لینا تودور کی بات شہر کے 6 کنٹونمنٹ بورڈ اس معاملے پر بات کرنے سے بھی گریزاں ہیں۔

سپریم کورٹ کراچی رجسٹری میں گذشتہ سال 6 اگست کو بل بورڈز اور ہوڈنگ سے متعلق کیس کی سماعت ہوئی تھی ۔ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں نشاندہی کی کہ جابجا بل بورڈز اور ہوڈنگ لگانے سے بنیادی انسانی حقوق متاثر ہوتے ہیں اوریہ راہگیروں کے لیے خطرے کا باعث بنتے ہیں ۔ کراچی میں گاڑی چلاتے ہوئے کچھ اور نظر آئے یا نہ آئے بل بورڈز ضرور نظرآئینگے۔

(جاری ہے)

تشویش ناک بات یہ ہے کہ بل بورڈز کی تنصیب میں قواعد کا خیال نہیں رکھا جا رہا ہے، جس کے باعث طوفانی بارشوں یاآندھی چلنے کی صورت میں یہ جان لیوا ثابت ہوتے ہیں ۔ کمشنرکراچی کے مطابق سپریم کورٹ کے احکامات پر عمل درآمد کرایا جائیگا ۔ شہر میں بل بورڈز کی زیادتی سے عوام بھی تنگ ہیں اورانہوں نے کارروائی کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔ذرائع کے مطابق لوکل ٹیکس محکمہ کے ایم سی سے ضلعی انتظامیہ کومنتقل ہونے کے بعد بل بورڈز کی تعدادمیں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے جبکہ عدالت کی آنکھوں میں دھول جھونکنے کے لیے کہیں کہیں کارروائی کی جا رہی ہے ۔ عوام کا کہنا ہے کہ عدالتی حکم کے بعد بل بورڈز میں کمی کی بجائے اضافہ دیکھنے میںآ رہا ہے ۔

متعلقہ عنوان :