کراچی،شاہراہ فیصل کے سینٹرل بیلٹ پر گھنے درخت کاٹ دیئے گئے ، شہریوں میں تشویش کی لہر

جمعرات 5 مئی 2016 16:08

کراچی ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء ) شاہراہ فیصل کے سینٹرل بیلٹ پر گھنے درخت کاٹ دیئے گئے ہیں ۔ درختوں کی کٹائی پر شہریوں میں تشویش دوڑ گئی ہے ۔ ذرائع کے مطابق درختوں کی کٹائی میں سائن بورڈ مافیا ملوث ہے ، جو پولیس اور انتظامیہ کی سرپرستی میں درخت کٹوا رہی ہے۔ ذرائع کے مطابق رات گئے شاہراہ فیصل کے سینٹرل بلٹ پر لگے چار درخت کاٹ دیئے گئے ۔

کٹائی کے دوران پولیس کی نفری بھی موجود رہی ۔انتظامیہ کے مطابق گھنے درختوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہو رہی تھی ، جس کی وجہ سے گرین بیلٹ پر لگے چند درخت کاٹے گئے ہیں۔ میڈیا نے جب جائے وقوعہ کا دورہ کیا تو میڈیا نمائندوں کو دیکھتے ہی درخت کاٹنے والے افراد فرار ہو گئے ۔ درخت کاٹنے کی اطلاع ملتے ہی فکس اٹ مہم کے بانی عالمگیر خان نے شاہراہ فیصل کا دورہ کیا ۔

(جاری ہے)

انہوں نے اس موقع پر وزیر اعلیٰ سندھ سے مطالبہ کیا کہ وہ شہر میں درختوں کی کٹوائی رکوائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ایک طرف شہر میں ہیٹ اسٹروکس سے لوگ ہلاک ہو رہے ہیں تودوسری جانب کراچی میں درختوں کی کٹائی شروع کر دی گئی ہے ۔ واضح رہے کہ شہر میں پہلے ہی ہیٹ اسٹروک کی وارننگ جاری کر دی گئی ہے ، جس کے باوجود درختوں کی کٹائی کا سلسلہ جاری ہے، جس پر عوام نے تحفظات کا اظہا رکیا ہے۔

متعلقہ عنوان :