کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کوتلف کرنے کے عمل کو فوری شروع کرنے کی ہدایت

جمعرات 5 مئی 2016 14:49

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء)محکمہ زراعت نے کہا ہے کہ کپاس کی بہتر پیداوار کے حصول اور فصل کو ملی بگ کے حملہ سے بچانے کیلئے پیسٹ سکاؤٹنگ کا عمل فوری طور پر شروع کر دیا جائے اور کپاس کے کھیتوں سے جڑی بوٹیوں کوترجیحی بنیادوں پر تلف کرنے کیلئے اقدامات کئے جائیں نیز ملی بگ کے حملہ سے متاثرہ پودوں کو فوری طور پر جڑ سے اکھاڑ کر پولی تھین بیگ میں ڈالنے کی بجائے انہیں زمین میں دفن کر دیا جائے تاکہ وہ مزید پودوں پر حملہ آور نہ ہو سکیں۔

(جاری ہے)

محکمہ زراعت نے کہا کہ شعبہ زراعت سے متعلقہ سٹاف کو سختی سے ہدائت کی گئی ہے کہ وہ کپاس کے کاشتکاروں کی مکمل رہنمائی کریں تاکہ ان کی فصلوں کو کیڑوں کے حملے سے بچا کر بہتر پیداوار کا حصول ممکن بنایا جا سکے۔ انہوں نے کہا کہ کاشتکار محکمانہ سفارشات کو مد نظر رکھتے ہوئے نائٹروجن ، فاسفورس ، پوٹاش کا استعمال کریں۔ا نہوں نے کاشتکاروں کو ہدائت کی کہ وہ بوقت ضرورت ماہرین زراعت کو اپنے کھیتوں کا دورہ بھی کروائیں تا کہ وہ کپاس کی فصل کے بارے میں انہیں بہتر مشورے فراہم کر سکیں۔