کا شتکا رو ں کو ترشاوہ باغات میں زیادہ ہل چلانے اور مخلوط فصلات کی کاشت سے گریز کی ہدایت

جمعرات 5 مئی 2016 14:49

فیصل آباد۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء) شعبہ ہارٹیکلچر کے ماہرین زراعت نے ترشاوہ باغات کے باغبانوں کو باغات میں زیادہ ہل چلانے سے گریز کی ہدایت کی ہے اور کہاہے کہ باغبان پھل توڑنے کے بعد جڑی بوٹیوں کو تلف کرنے کیلئے روٹا ویٹر استعمال کریں،نیز باغات میں مخلوط فصلات کی کاشت سے بھی گریز کیاجائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ گرمیوں کے چارہ جات اور سردیوں کے چارہ جات باغوں میں ہرگز کاشت نہ کیے جائیں، جبکہ زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے کیلئے باغات میں نامیاتی کھاد استعمال کی جائے جس کیلئے گوبر کی گلی سڑی کھاد 60 کلوگرام فی پودا ڈال کر آبپاشی کرنے کے بہترین نتائج حاصل ہوسکتے ہیں ۔

انہوں نے کہاکہ باغبان اپنے باغات میں جنتر کاشت کریں اور موسم برسات سے پہلے اسے زمین میں بذریعہ روٹاویٹر ملا دیں اورجب پھل تیزی سے بڑھوتری کر رہا ہو تو مناسب وقفہ سے باغ کی آبپاشی بھی کرتے رہیں کیونکہ ان دنوں پانی اور خوراک کی کمی پھل کے کیرے اور اس کی کوالٹی میں کمی کا باعث بن سکتی ہے۔انہوں نے کہاکہ باغبان موسم گرما میں ہلکا اور احتیاط سے پانی لگائیں۔انہوں نے مزید کہاکہ اگست کے آخر میں مون سون کی بارشیں اگر نہ ہوں تو اس کے بعد نائٹروجن کی تیسری قسط ڈال دیں تاکہ پھل اپنا مناسب سائز حاصل کر سکے۔