امارات کی فضائی کمپنی کے جہازکو دوران پروازشدیدجھٹکے لگنے سے30مسافر زخمی ہوگئے

Mian Nadeem میاں محمد ندیم جمعرات 5 مئی 2016 14:32

امارات کی فضائی کمپنی کے جہازکو دوران پروازشدیدجھٹکے لگنے سے30مسافر ..

ابوظہبی(اردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین-انٹرنیشنل پریس ایجنسی۔05مئی۔2016ء) متحدہ عرب امارات کی فضائی کمپنی اتحاد ایئرویز کے جہاز کو انڈونیشیا میں دوران پرواز غیر متوقع طور پر شدید جھٹکے کے واقعے میں 30 سے زائد افراد زخمی ہوگئے۔اتحاد ایئر ویز کی یہ پرواز ابوظہبی سے روانہ ہوئی تھی اور جکارتہ سے 45 منٹ کی دوری پر اسے ناہمواری کا سامنا کرنا پڑا۔

ایئربس اے 330-200 جہاز اس حادثے کے بعد خیریت سے ایئر پورٹ اتر گیا جبکہ زخمی ہونے والے10 افراد کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے۔پرواز کے دوران ویڈیو فوٹیج میں جھٹکوں کی وجہ سے مسافروں کو روتے ہوئے دیکھا جا سکتا ہے۔متحدہ عرب امارات کی قومی ایئر لائن کے حکام نے میڈیا کو بتایا ہے کہ جہاز میں سامان رکھنے والے کیبنز یا خانوں کو نقصان پہنچا جبکہ ناہموار پرواز کے دوران آکسیجن کے ماسک کھولنے پڑے۔

(جاری ہے)

ایئر لائن نے زخمیوں کی حالت کے بارے میں معلومات فراہم نہیں کی لیکن نو مسافروں اور عملے کے ایک رکن کو ہسپتال منتقل کیا گیا ہے جبکہ زخمی ہونے والے دیگر مسافروں کو ہوائی اڈے پر ہی طبی امداد فراہم کی گئی۔اطلاعات کے مطابق ہسپتال میں منتقل کیے جانے والے زخمیوں میں سے زیادہ تر کی ہڈیاں ٹوٹ گئی ہیں۔اتحاد ایئر ویز نے جکارتہ سے ابوظہبی واپس آنے والی پرواز کو منسوخ کر دیا ہے جبکہ مسافروں کو متبادل پروازیں اور رہائش فراہم کی جا رہی ہیں۔جکارتہ کے ایئر پورٹ کے مطابق ٹرانسپورٹ میں حفاظتی معیار پر نظر رکھنے والے حکام حادثے کا شکار ہونے والے جہاز کا معائنہ کر رہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :