پانامہ لیکس کے بعد حکومت پر بے اعتمادی کی فضاء قائم ہو چکی، رحمان ملک

جمعرات 5 مئی 2016 14:30

دبئی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) پاکستان پیپلزپارٹی کے راہنما سینیٹر رحمان ملک نے کہا ہے کہ پانامہ لیکس سے ملکی سیاسی صورت حال کمزور اور غیر یقینی حالات پیدا ہو چکے ہیں ۔ حکومت کی کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے امریکہ نے ایف سولہ طیارے دینے سے انکار کردیا افغان خفیہ ایجنسیاں مل کر پاکستان میں دہشتگردی کی منصوبہ بندی کر رہیہیں موجودہ بحران سے ملک کو نکالنے کے لئے حکمرانوں کو سنجیدگی کا مظاہرہ کرنا ہو گا ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز دبئی سے اپنے جاری بیان میں کیا سینیٹر رحمان ملک نے پانامہ لیکس کے بعد حکومت اور اپوزیشن جماعتوں کے درمیان موجودہ کشیدہ صورت حال پر گہری تشویش کا اظہار کیا انہوں نے کہا کہ ملک میں سیاسی ہم آہنگی کا فقدان ہے جس کی بنا پر ملک بھر کے تمام سیاستدانوں سوچ اور فکر میں تقسیم نظر آتی ہے اب جب ملک دہشتگردی کے خلاف فیصلہ کن جنگ لڑ رہا ہے قوم کو اتحاد کی ضرورت ہے انہوں نے کہا کہ پانامہ لیکس نے ملک کی سیاسی صورت حال کو شدید کمزور کیا ہے پانامہ لیکس کے بعد حکومت پر بے اعتمادی کی فضاء قائم ہو چکی ہے جس کے باعث وہ کنفیوژن کا شکار اور مفلوج نظر آ رہی ہے ۔

(جاری ہے)

ہماری خارجہ پالیسی غیر موثر اور کمزور ہے کمزور خارجہ پالیسی کی وجہ سے امریکہ نے ایف سولہ طیاروں کی فروخت سے انکار کیا ہماری خارجہ پالیسی کو بہتر کرنے کی ضرورت ہے ملک میں بدامنی اور دہشتگردی میں افغان خفیہ ایجنسی ملوث ہیں افغان خفیہ ایجنسی پاکستان مخالف قوتوں سے مل کر پاکستان میں دہشت گردی کی منصوبہ بندی کر رہی ہے ۔