پانی و سیوریج منصوبے میں5کروڑ کی کرپشن، پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع

جمعرات 5 مئی 2016 13:54

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔05 مئی۔2016ء) پاکستان مسلم لیگ (ق) کی رکن صوبائی اسمبلی خدیجہ عمرفاروقی نے پنجاب میں صاف پانی اور سیوریج کے منصوبے میں پانچ کروڑ روپے کی مبینہ کرپشن کے انکشاف پر پنجاب اسمبلی سیکرٹریٹ میں تحریک التوائے کار جمع کروادی ۔اپنی تحریک التوائے کار میں انہوں نے کہا کہ اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب نے ترقیاتی منصوبوں کے فنڈز من پسندف رموں کو دیئے جانے پر محکمہ ہاؤسنگ سے جواب بھی طلب کرلیا ہے ۔

گزشتہ مالی سال کے دوران چار ارب روپے مالیت کے منصبوے میں پانچ کروڑ کی مالی بے ضابطگیاں ہوئیں ۔محکمہ ہاؤسنگ کی جانب سے لاہور اور صوبہ بھر میں فیزیبلٹی سٹڈی کے لیے نجی فرم کو ٹھیکہ دیا گیا جس میں مبینہ طور پر افسران کی ملی بھگت سے قومی خزانے کو پانچ کوڑ اکانوے لاکھ روپے کا نقصان پہنچایا گیا ۔

(جاری ہے)

اکاؤنٹنٹ جنرل پنجاب آفس کے مطابق کنسلٹنٹ فرم کو پانچ کروڑ ترانوے لاکھ روپے اضافی دیئے گئے ہیں جس کی محکمہ کی طرف سے کوئی دستاویزات بھی فراہم نہیں کی گئیں۔

خدیجہ فاروقی نے کہا کہ ایک طرف خادم اعلیٰ پنجاب ترقیاتی منصوبوں میں شفافیت کا ڈھنڈورا پیٹ رہے ہیں اور ترقیاتی منصوبوں میں بچت کے اشتہارات چھپوائے جارہے ہیں جبکہ دوسری جانب پنجاب میں کروڑوں روپے کی کرپشن کے ہولناک انکشافات ہورہے ہیں جو بیڈ گورننس کی انتہاء ہے۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی سیوریج منصوبہ میں قومی خزانے کو 5کروڑ سے زائد نقصان کی تفصیلی رپورٹ پنجاب اسمبلی میں پیش کی جائے اور اس کے ذمہ داروں کا بھی تعین کیا جائے ۔