دیہی روڈز پروگرام کے تحت ضلع میں دو مزید سڑکوں کی بحالی میں اضافہ ہوگا،ڈی او

جمعرات 5 مئی 2016 13:43

بھکر۔5 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔05 مئی۔2016ء )وزیر اعلیٰ پنجاب کے دیہی روڈز پروگرام کے دوسرے مر حلہ میں 30 کروڑ روپے کی لاگت سے ضلع میں دو مزید سڑکوں کی بحالی و کشادگی سے متعلقہ علاقوں کے عوام کیلئے سہولیات میں خاطر خواہ اضافہ ہوگا ۔مجموعی طور پر 31 کلو میٹر لمبی ان دو سڑکوں میں تحصیل منکیرہ کی حیدر آباد تا چھمب اور تحصیل دریا خان کی انار شاہ تاڈگر لیل روڈ شامل ہیں ۔

(جاری ہے)

ان سڑکوں کے بارے میں تفصیلات بتاتے ہوئے ڈی او پلاننگ حفیظ الرحمنٰ او لکھ نے کہا کہ حیدرآباد تا چھمب روڈ 16.71 کلو میٹر اور انار شاہ تا ڈگر لیل روڈ 14.5 کلو میٹر لمبی ہے جبکہ انکی لاگت بالترتیب 158.793 ملین روپے اور 140.793 ملین روپے ہے ۔ڈی او پلاننگ نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجا ب کے دیہی روڈز پروگرام کے پہلے مرحلہ میں پانچ دیہی سڑکوں کی بحالی و کشادگی کا کام 23 کروڑ 32 لاکھ روپے کی لاگت سے مکمل کیا گیا تھا جو مجموعی طور پر 32 کلو میٹر لمبی ہیں ۔اس طرح دونوں مراحل میں 53 کروڑ روپے سے زائد کی لاگت سے عوام کو معیاری سڑکیں میسر آئی ہیں جن کی بدولت زراعت ،تعلیم اور صحت کی سہولیات تک آسان ترین رسائی کے ساتھ ساتھ کسانوں کی معاشی خو شحالی میں بھی اضافہ ہوگا۔