پاناما لیکس،خورشید شاہ نے اپوزیشن جماعتوں کے ٹی آر اوز پر مبنی خط وزیراعظم کو بھجوا دیا

حکومت سے اپوزیشن کے ٹی او آرز پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ

جمعرات 5 مئی 2016 13:21

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء) قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ نے پاناما لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کے مشترکہ ٹی او آرز وزیراعظم نواز شریف کو خط لکھ کر بھجوا دیئے، خط میں حکومت سے اپوزیشن کے ٹی او آرز پر عملدرآمد کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنانے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔جمعرات کو قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ نے وزیراعظم کو خط لکھ دیا، جس کے ساتھ پانامہ لیکس کی تحقیقات کیلئے اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے متفقہ طور پر تیار کئے گئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز کی نقل اور مشترکہ اعلامیہ بھی منسلک کیا گیا ہے۔

قائد حزب اختلاف سید خورشید شاہ کی جانب سے وزیراعظم نواز شریف کو بھیجے گئے خط کے متن میں کہا گیا کہ ٹی او آرز تمام اپوزیشن جماعتوں نے مشترکہ طور پر تیار کئے ہیں لہٰذا حکومت ان ٹی او آرز پر عمل درآمد کیلئے ضروری اقدامات یقینی بنائے۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ تحریک انصاف، پیپلزپارٹی اور جماعت اسلامی سمیت پارلیمنٹ میں موجود دیگر اپوزیشن جماعتوں نے پاناما لیکس کی تحقیقات کے لئے بنائے گئے جوڈیشل کمیشن کے ٹی او آرز میں سب سے پہلے وزیراعظم نواز شریف اور ان کے اہل خانہ کے احتساب کا مطالبہ کیا تھا تاہم حکومت کی طرف سے اپوزیشن کے ٹی او آرز کو مسترد کرتے ہوئے پیش کش کی گئی تھی کہ کچھ لو اور کچھ دو کے تحت مشترکہ ٹی او آرز تیار کئے جائیں۔