نئی دہلی ، پاکستانی ڈپٹی ہائی کمشنر کی یاسین ملک سے ملاقات ، وزیر اعظم نواز شریف پیغام پہنچایا

جمعرات 5 مئی 2016 12:45

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔05 مئی۔2016ء) وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی جانب سے لبریشن فرنٹ کے چیئرمین یاسین ملک کو یقین دہانی کرائی گئی ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گلگت بلتستان کی نازک آئینی پوزیشن سے آگاہ ہے اور ایسا کوئی بھی اقدام نہیں اٹھایا جائے گا جو مسئلہ کشمیر کو زک پہنچانے یا گلگت بلتستان کی آئینی پوزیشن کو تبدیل کرے ۔

بھارتی میڈیا کے مطابق پاکستانی سفارتخانے کے ڈپٹی ہائی کمشنر سید حیدر شاہ اور سفارتخانے کے فرسٹ سیکرٹری نے لبریشن فرنٹ کے علیل چیئرمین محمد یاسین ملک سے فورٹس ہسپتال میں ملاقات کی اوران کی صحت سے متعلق معلومات حاصل کیں ہائی کمشنر نے اس موقع پر یاسین ملک کو پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف کا خط بھی پہنچایا جو انہوں نے یاسین ملک کے 12 جنوری 2016 کو لکھے گئے خط کے جواب میں تحریر کیا ہے یاسین ملک نے مذکورہ خط میں حکومت پاکستان اور وزیر اعظم پاکستان پر زور دیا تھا کہ وہ گلگت بلتستان کی آئینی پوزیشن کو تبدیل نہ کریں کیونکہ ایسا کرنا مسئلہ کشمیر کے حوالے سے انتہائی نقصان دہ ہو گا جوابی خط میں پاکستانی وزیر اعظم محمد نواز شریف نے لبریشن فرنٹ چیئرمین کو یقین دلایا ہے کہ حکومت پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے گلگت بلتستان کی نازک آئینی پوزیشن سے آگاہ ہے اور ایسا کوئی قدم نہیں اٹھایا جائے گا جو مسئلہ کشمیر کو زک پہنچائے یا گلگت بلتستان کی آئینی پوزیشن کو تبدیل کرے ۔

(جاری ہے)

جوابی خط میں پاکستان کے وزیر اعظم نے لکھا ہے کہ پاکستان مسئلہ کشمیر کے حوالے سے اپنے اصولی موقف سے کسی بھی صورت میں دستبردار نہیں ہو گا نہ ہی پاکستان کوئی ایسا قدم اٹھائے جس سے بھارتی مقبوضہ کشمیر میں لوگوں کی جانب سے چلائی جا رہی تحریک آزادی کو نقصان پہنچنے کا احتمال ہو ۔

متعلقہ عنوان :