شیخوپورہ ، شب معراج کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام، 8 دہشتگرد مارے گئے

جمعرات 5 مئی 2016 11:33

شیخوپورہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آئی این پی۔05 مئی۔2016ء ) سیکیورٹی فورسز نے شب معراج کے موقع پر دہشت گردی کا بڑا منصوبہ ناکام بناتے ہوئے 8 دہشت گردوں کو ہلاک کردیا جب کہ 6 فرار ہو نے میں کامیاب ہو گئے۔شرقپور روڈ کے قریب ہوئیکی میں کالعدم تنظیم سے تعلق رکھنے والے 14 دہشتگرد کسی بڑی تخریب کاری کی منصوبہ بندی میں مصروف تھے۔ محکمہ انسداد دہشتگردی اور سیکیورٹی اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لیکر سرچ آپریشن شروع کیا تو دہشتگردوں نے سیکیورٹی اہلکاروں کودیکھتے ہی فائرنگ شروع کردی۔

جوابی کارروائی میں 8 دہشتگرد موقع پر ہی مارے گئے جبکہ 6 رات کی تاریکی کا فائدہ اٹھاکر فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہوگئے۔ دہشگردوں کی لاشوں کو ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال شیخوپورہ منتقل کردیا گیا ۔

(جاری ہے)

سیکیورٹی اداروں کے مطابق دہشتگردوں کے قبضے سے بارودی مواد، اسلحہ اور حساس مقامات کے نقشے بھی برآمد ہوئے ۔ دہشتگردوں کے دیگر ساتھیوں کی گرفتاری کیلئے سرچ آپریشن جاری رہا۔

دہشت گردوں کے قبضے سے 6 کلو بارودی مواد، 5 ڈیٹونیٹرز، 4 کلاشنکوف، 4 پستول، گولیاں اور 4 موٹرسائیکلیں برآمد ہوئیں۔ پولیس کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کاتعلق کالعدم تنظیم سے تھا ۔خیال رہے کہ اس سے پہلے فروری میں بھی شرق پور کے علاقے میں اسی طرح کے مقابلہ میں پولیس نے سات مشتبہ شدت پسندوں کو ہلاک کیا تھا۔ پولیس نے گذشتہ مہینے میں بھی لاہور اور شیخورہ کے درمیانی علاقے میں سگیاں پل کے قریب تحریک طالبان پاکستان کے چھ ارکان کو پولیس مقابلے میں ہلاک کرنے کا دعویٰ کیا تھا۔