لاہور ہائیکورٹ نے ایچی سن کالج میں طالبعلموں کو مفت تعلیم کی عدم فراہمی کے خلاف دائردرخواست پر حکومت پنجاب کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دے دیا۔

Umer Jamshaid عمر جمشید جمعرات 5 مئی 2016 11:13

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔05 مئی۔2016ء) لاہورہائیکورٹ کے جسٹس شاہد وحید نے کیس کی سماعت کی۔درخواست گزار کے وکیل اے کے ڈوگر نے عدالت کو بتایا کہ آئین کے آرٹیکل پچیس اے کے تحت شہریوں خو مفت تعلیم کی فراہمی ریاست کی ذمہ داری ہے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اپنی ذمہ داریاں ادا کرنے کی بجائے تعلیم دشمن پالیسیاں اختیار کئے ہوئے ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ ایچی سن کالج میں زیر تعلیم طالبعلموں سے بھاری فیسیں وصول کی جاتی ہیں جو نہ صرف آئین کے تحت بنیادی حقوق کی سنگین خلاف ورزی ہے بلکہ معاشرے کو تعلیم یافتہ بنانے اور شرح خواندگی بڑھانے کے حوالے سے پرنسپل آف پالیسی سے بھی متصادم ہے۔

حکومت پنجاب کے وکیل نے جواب داخل کرنے کے لئے عدالت سے مزید مہلت کی استدعا کی۔جس پر عدالت نے حکومت پنجاب کو جواب داخل کرنے کا آخری موقع دیتے ہوئے کیس کی مزید سماعت پچیس مئی تک ملتوی کر دی۔