ٹریفک قوانین سے آگاہی کے بارے واک کا انعقاد

بدھ 4 مئی 2016 22:40

لالہ موسےٰ۔4 مئی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔04 مئی۔2016ء ) ٹریفک پولیس گجرات اور دی ایجوکیٹرز سکول کوٹلہ ارب علی خاں کے زیر اہتمام عوام میں ٹریفک قوانین کی آگاہی کے متعلق شعور اجاگر کرنے کیلئے واک کا انعقاد کیا گیا جس کی قیادت ایس ایس پی ٹریفک آصف ظفر چیمہ ، ایم پی اے چوہدری شبیر احمد ، ڈی ایس پی ٹریفک میاں سہیل فاضل ، پرنسپل ایجوکیٹرز عامر عثمان عادل ، اسسٹنٹ کمشنر کھاریاں میاں اقبال مظہر و دیگر نے کی، واک بھمبر روڈ دی ایجوکیٹرسکول سے شروع ہو کر مقامی میرج ہال کوٹلہ پر اختتام پذیر ہوئی ، واک میں سرکاری و نیم سرکاری تعلیمی اداروں ، ادبی ، سیاسی ، سماجی شخصیات اور ادارہ کے طلبہ نے شرکت کی ، واک کے شرکاء نے روڈ سیفٹی کے حوالے سے بینرز اور پلے کارڈز اٹھا رکھے تھے ،واک کے بعد آگاہی سیمینار کابھی انعقاد کیا گیا جس میں بچوں نے ٹیبلو شو پیش کئے، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایس ایس پی ٹریفک گوجرانوالہ آصف ظفر چیمہ نے کہا کہ ٹریفک مسائل حل کرنے کیلئے ٹریفک پولیس ہمہ وقت کوشاں ہے ، عوام کو بھی چاہیے کہ وہ ٹریفک قوانین کی پابندی کریں تا کہ حادثات سے بچا جا سکے،انہوں نے کہا کہ اگر ہم ٹریفک قوانین کی پابندی کریں گے تو ہم اپنی اور دوسروں کی جانوں کو محفوظ بنا سکیں گے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ون ویلنگ ایک جان لیوا کھیل اور قانوناً جرم ہے، اس سے اجتناب کیا جائے، موٹر سائیکل سوار ہیلمٹ کا استعمال یقینی بنائیں تا کہ حادثہ کی صورت میں سر پر چوٹ لگنے سے محفوظ رہا جا سکے ۔اس موقع پر ڈی ایس پی ٹریفک سہیل فاضل نے بھی خطاب کیا۔